لاہور ریلوے اسٹیشن پر خالی ٹرین کی بوگی میں آگ بھڑک اٹھی، مشتبہ شخص گرفتار

لاہور (خبر ایجنسیاں) لاہور ریلوے اسٹیشن پر کھڑی خالی ٹرین کی ایک بوگی میں آتشزدگی کے نتیجے میں بوگی مکمل طور پر جل کر تباہ ہوگئی، جبکہ ریلوے پولیس نے ایک مشتبہ شخص کو حراست میں لے لیا۔

ریلوے حکام کے مطابق آگ پلیٹ فارم نمبر 7 پر کھڑی اکانومی کلاس کی خالی بوگی میں لگی۔ اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کی فائر بریگیڈ ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور آگ بجھانے کا عمل شروع کردیا۔

ریسکیو اہلکاروں نے تقریباً 40 منٹ کی جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پالیا۔ واقعہ دوپہر 12 بج کر 40 منٹ پر پیش آیا، جبکہ ایک بج کر 20 منٹ تک آگ بجھا دی گئی۔ واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

دوسری جانب ریلوے پولیس نے اسٹیشن کے عملے کی مدد سے ایک مشتبہ شخص کو حراست میں لے لیا ہے۔ واقعے کا مقدمہ درج کرنے کی کارروائی جاری ہے، جبکہ آتشزدگی کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات کی جارہی ہیں۔حکام کے مطابق آگ لگنے کے واقعے کے باوجود ریلوے اسٹیشن پر ٹرینوں کی آمدورفت معمول کے مطابق جاری رہی۔