لاہور (نمائندہ خصوصی)لاہور میں موٹر سائیکل سوار لڑکی کو سرِعام تشدد کا نشانہ بنانے کے مقدمے میں گرفتار ملزم غلام مصطفیٰ کو عدالت نے ایک لاکھ روپے کے مچلکوں کے عوض ضمانت پر رہا کرنے کا حکم دے دیا۔
عدالت نے پولیس کی جانب سے ملزم کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجنے کی استدعا مسترد کرتے ہوئے ہدایت کی کہ اگر ملزم کسی دوسرے مقدمے میں مطلوب نہیں تو اسے رہا کردیا جائے۔
واقعہ گزشتہ روز پیش آیا تھا، جب موٹر سائیکل سوار ملزم نے لڑکی کو اوور ٹیک کرکے راستے میں روک لیا اور موٹر سائیکل سے اترتے ہی اسے پکڑ کر زمین پر پٹخ دیا۔ ملزم نے لڑکی کو تھپڑ مارے اور اس کے بال بھی نوچے۔ موقع پر موجود افراد نے مداخلت کرکے لڑکی کو بچایا تو ملزم اپنی موٹر سائیکل چھوڑ کر فرار ہوگیا۔
عینی شاہدین نے ملزم کی موٹر سائیکل تحویل میں لے کر پولیس کے حوالے کردی تھی۔ واقعے کی سی سی ٹی وی ویڈیو سامنے آنے کے بعد پولیس نے ملزم غلام مصطفیٰ کو گرفتار کرلیا تھا۔درج مقدمے کے مطابق ملزم نے لڑکی کا بیگ چھین کر زمین پر پٹخا، جس میں موجود 85 ہزار روپے مالیت کا لیپ ٹاپ ٹوٹ گیا، جبکہ تشدد کے نتیجے میں لڑکی کی ناک اور چہرے پر زخم آئے۔

