متحدہ عرب امارات میں یکم جنوری سے 24 گھنٹوں میں ڈرائیونگ کی حد 9 گھنٹے مقرر

ابوظبی (وام، گلف نیوز، دی نیشنل)متحدہ عرب امارات نے یکم جنوری 2027ء سے نئے ٹریفک قوانین نافذ کرنے کا اعلان کردیا، جن کے تحت کوئی بھی ڈرائیور 24 گھنٹوں کے دوران 9 گھنٹے سے زیادہ گاڑی نہیں چلا سکے گا۔ نئے ضوابط کا اطلاق صرف پیشہ ور ڈرائیوروں تک محدود نہیں بلکہ تمام گاڑی چلانے والوں پر ہوگا۔

اماراتی خبر ایجنسی کے مطابق کابینہ کے فیصلے نمبر 174 برائے 2026ء کے تحت وفاقی ٹریفک قانون کے نئے ضابطوں میں سڑکوں پر تحفظ بہتر بنانے، حادثات کی روک تھام اور ڈرائیوروں کی تھکن کے باعث پیش آنے والے حادثات کم کرنے کے لیے متعدد اقدامات متعارف کرائے گئے ہیں۔

نئے قانون کے آرٹیکل 7 کے تحت ڈرائیونگ کا دورانیہ کسی بھی 24 گھنٹوں میں زیادہ سے زیادہ 9 گھنٹے مقرر کیا گیا ہے۔ وفاقی ٹریفک کونسل کو اس مدت میں تبدیلی کا اختیار بھی حاصل ہوگا۔ تھکن یا نیند کی ایسی کیفیت میں گاڑی چلانے پر بھی پابندی ہوگی جس سے ڈرائیور کی محفوظ ڈرائیونگ کی صلاحیت متاثر ہو۔

نئے ضوابط کے تحت ٹیکسی، بس، ٹرک اور ترسیلی خدمات سے وابستہ ڈرائیوروں کے لیے اضافی شرائط بھی مقرر کی گئی ہیں۔ ترسیلی خدمات انجام دینے والے موٹر سائیکل سواروں کو دورانِ ڈیوٹی پیچھے مسافر بٹھانے اور سامان کی ترسیل کے لیے عام بیگ استعمال کرنے کی اجازت نہیں ہوگی، انہیں منظور شدہ سامان بردار آلات استعمال کرنا ہوں گے۔

قانون کے مطابق 4 سال اور اس سے کم عمر بچوں کے لیے گاڑی میں حفاظتی نشست فراہم کرنا لازمی ہوگا۔ نشست بچے کے قد اور وزن کے مطابق ہونی چاہیے اور اسے گاڑی کی پچھلی نشست پر نصب کرنا ہوگا۔

نئے قوانین میں ڈرائیونگ لائسنس کی مدت بھی عمر اور شہریت کے لحاظ سے مقرر کی گئی ہے۔ 21 سال یا اس سے زیادہ عمر کے اماراتی اور خلیجی شہریوں کے لائسنس 10 سال جبکہ غیر ملکی رہائشیوں کے لائسنس 5 سال کے لیے جاری یا تجدید کیے جائیں گے۔ 21 سال سے کم عمر افراد کے لائسنس کی مدت ایک سال ہوگی۔

حکام نے مختلف اقسام کی گاڑیاں چلانے والوں کے لیے بینائی کی جانچ کے معیار بھی مقرر کیے ہیں۔ بسوں اور بھاری مشینری چلانے والوں کے لیے زیادہ سخت معیار لاگو ہوں گے، جبکہ لائسنس کی تجدید کے وقت منظور شدہ مراکز سے بینائی کا معائنہ کرانا ہوگا۔