مسی ساگا کے انتخابات میں ووٹ ڈالیں، بونی کرومبی کی شہریوں سے اپیل

مسی ساگا(اشرف خان لودھی سے) مسی ساگا میں منعقدہ اونٹاریو سینئرز فورم سے خطاب کرتے ہوئے سابق میئر اور بلدیاتی انتخابات کی امیدوار بونی کرومبی نے شہریوں سے 26 اکتوبر کو ہونے والے انتخابات میں ووٹ ڈالنے کی اپیل کی ہے۔

بونی کرومبی نے کہا کہ مسی ساگا میں انتخابی ٹرن آؤٹ بہت کم ہے، ہر 5 افراد میں سے صرف ایک شخص ووٹ ڈالتا ہے، اسلئے شہری اپنی پسند کا امیدوار منتخب کریں لیکن ووٹ ضرور ڈالیں۔انہوں نے کہا کہ مسی ساگا میں انتخابی مقابلہ بہت سخت ہے اور شہر میں زیادہ سے زیادہ لوگوں کا ووٹ ڈالنا ضروری ہے۔

بونی کرومبی نے کہا کہ وہ ماضی میں بھی شہریوں کیلئے بہت محنت کرچکی ہیں اور انہیں ایسا مستقبل فراہم کرنا چاہتی ہیں جس میں لوگوں کیلئے اخراجات برداشت کرنا آسان ہو اور ٹیکس کم کیے جاسکیں۔

انہوں نے کہا کہ انہیں مالی معاملات کا تجربہ ہے، وہ شہر کے مالی حسابات سے واقف ہیں اور جانتی ہیں کہ اخراجات کہاں کم کیے جاسکتے ہیں۔بونی کرومبی نے فورم میں شرکت کی دعوت پر منتظمین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے شرکاء کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

قونصل جنرل پاکستان خلیل احمدباجوہ،ریحان الحق،باباعرفان ملک،افتخارملک،سعید باری،حاجی محمدجمیل، سیدبابر، طارق راز،لیاقت ملک،خواجہ خورشیدانور اورگیتی آراسمیت دیگرمعززشخصیات نے تقریب میں‌بھرپورشرکت کی.