قاہرہ (رائٹرز، خبر ایجنسیاں) مصر کے دارالحکومت قاہرہ کے جنوب میں دو مسافر ٹرینوں کے تصادم کے نتیجے میں کم از کم 7 افراد ہلاک اور 112 زخمی ہوگئے۔یہ حادثہ صوبہ جیزہ کے علاقے العیاط میں پیش آیا، جہاں جیزہ سے فیوم جانے والی ٹرین نے قاہرہ سے اسوان جانے والی دوسری ٹرین کو پیچھے سے ٹکر مار دی۔ تصادم کے نتیجے میں متعدد ڈبے پٹری سے اتر گئے۔
مصری وزارتِ صحت کے مطابق زخمیوں کو قریبی اسپتالوں میں منتقل کیا گیا، جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جارہی ہے۔ زخمیوں میں بعض کی حالت تشویش ناک بتائی گئی، جبکہ 45 افراد کو علاج کے بعد اسپتالوں سے فارغ کردیا گیا۔
حکام کے مطابق حادثے کے بعد امدادی ٹیموں نے بھاری مشینری اور کرینوں کی مدد سے پٹری سے اترنے والے ڈبوں کو ہٹانے اور پھنسے ہوئے مسافروں کو نکالنے کا کام شروع کیا۔

مصری صدر عبدالفتاح السیسی نے حادثے کی فوری تحقیقات کا حکم دیتے ہوئے کہا ہے کہ غفلت کے ذمہ داروں کا تعین کرکے ان کے خلاف کارروائی کی جائے۔ استغاثہ نے بھی حادثے کی تکنیکی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات شروع کردی ہیں۔رپورٹس کے مطابق ابتدائی معائنے سے معلوم ہوا کہ اسوان جانے والی ٹرین اسی پٹری پر رکی ہوئی تھی، جب فیوم جانے والی ٹرین اس کے آخری ڈبے سے ٹکرا گئی۔

