ملتان (نمائندہ خصوصی) ملتان کی ایک نجی ہاؤسنگ سوسائٹی میں 15 سالہ یتیم لڑکے کو گاڑی تلے کچل کر قتل کر دیا گیا۔ واقعے کی مختلف مقامات سے حاصل ہونے والی نگرانی کیمروں کی فوٹیج میں لڑکے کا تعاقب کرنے اور اس پر گاڑی چڑھانے کے مناظر سامنے آئے ہیں۔ پولیس نے مقدمہ اپنی مدعیت میں درج کر کے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔
پولیس کے مطابق ابتدائی تحقیقات میں مقتول لڑکے کے چوری میں ملوث ہونے کا کوئی ثبوت نہیں ملا۔ سی پی او ملتان اختر فاروق نے بتایا کہ لڑکا ایک فلاحی ادارے کے یتیم خانے میں مقیم تھا، جہاں سے اسے 7 روز قبل بجلی کا کام سیکھنے کیلئے ملزم توقیر نذیرکے پاس بھیجا گیا تھا۔
پولیس کے مطابق ملزم مختلف عمارتوں میں بجلی کی تنصیبات کے کام کے ٹھیکے لیتا تھا اور ماضی میں بھی یتیم خانے کے بچے اس کے پاس کام سیکھتے رہے ہیں۔ لڑکے کے کام چھوڑ کر چلے جانے پر اس کا تعاقب کیا گیا اور پھر اس پر گاڑی چڑھا دی گئی۔پولیس واقعے کی مزید تحقیقات کر رہی ہے، جبکہ مقتول کی لاش اس کے چچا اور ماموں مظفرگڑھ لے گئے ہیں۔

