ملتان میں رحمان بابا ایکسپریس کی تمام 14 بوگیاں پٹری سے اتر گئیں، 7 افراد جاں بحق، 40 زخمی

ملتان (ایسوسی ایٹڈ پریس) پاکستان کے شہر ملتان میں منگل کی صبح شیر شاہ پل کے قریب کراچی سے پشاور جانے والی مسافر ٹرین رحمان بابا ایکسپریس کی تمام 14 بوگیاں پٹری سے اترنے کے نتیجے میں کم از کم 7 افراد جاں بحق اور 40 زخمی ہوگئے۔

پاکستان ریلوے کے ترجمان کلیم اختر کے مطابق ٹرین کراچی سے پشاور جا رہی تھی کہ پنجاب کے شہر شیر شاہ میں حادثے کا شکار ہوگئی۔امدادی کارکنوں نے ٹرین کی بوگیوں سے مسافروں کو نکالا اور چار لاشیں برآمد کیں۔ زخمیوں کو علاج کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا، تاہم ایک زخمی اسپتال پہنچائے جانے سے قبل دم توڑ گیا۔ حادثے کے بعد امدادی ٹیموں اور طبی عملے کو جائے وقوعہ پر روانہ کیا گیا۔

حادثے کے بعد جاں بحق افراد کی تعداد 7 اور زخمیوں کی تعداد 40 بتائی گئی۔ وزیراعظم شہباز شریف نے متعلقہ حکام کو فوری امدادی کارروائیاں یقینی بنانے اور زخمیوں کو بہترین طبی سہولتیں فراہم کرنے کی ہدایت کی۔صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے الگ الگ بیانات میں حادثے پر افسوس کا اظہار کیا۔