ناروے کپ: پاکستانی فٹبالر امان اللّٰہ رؤف اوسلو میں لاپتا، ٹیم وطن واپس پہنچ گئی

اوسلو(بیورورپورٹ) ناروے کپ فٹبال ٹورنامنٹ میں شرکت کے لیے اوسلو پہنچنے والی مسلم ہینڈز ٹیم کے فٹبالر امان اللّٰہ رؤف افتتاحی دن سے ہی غائب ہیں۔ متعلقہ اداروں اور پاکستانی سفارتخانے کو صورتحال سے آگاہ کر دیا گیا ہے، جبکہ ٹیم پاکستان واپس پہنچ چکی ہے۔

ناروے کے شہر اوسلو میں جاری بین الاقوامی فٹبال ایونٹ ناروے کپ میں شرکت کیلئے بھیجی گئی پاکستان کی مسلم ہینڈز ٹیم کو غیر متوقع صورتحال کا سامنا کرنا پڑاجب ٹیم کا ایک رکن امان اللّٰہ رؤف بلوچ افتتاحی دن سے ہی لاپتا ہو گیا۔

مسلم ہینڈز ٹیم کے ترجمان کے مطابق، امان اللّٰہ کا تعلق کراچی کے مشہور فٹبال علاقہ لیاری سے ہے۔ وہ ناروے کپ کے پہلے دن سے غائب ہیں اور ایونٹ کی استقبالیہ تقریب میں بھی شرکت نہیں کی۔ ترجمان نے تصدیق کی کہ اب ٹیم مکمل طور پر ایونٹ ختم ہونے کے بعد وطن واپس پہنچ چکی ہے لیکن امان اللّٰہ کا کوئی سراغ نہیں مل سکا۔

ترجمان نے مزید بتایا کہ امان اللّٰہ کا پاسپورٹ ناروے میں پاکستانی سفارتخانے میں جمع کروایا جا چکا ہے اور ناروے پولیس سمیت پاکستانی سفارتخانے کو تمام تر صورتحال سے باقاعدہ آگاہ کر دیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ قانونی تقاضوں کے مطابق تمام معلومات حکام کو فراہم کر دی گئی ہیں اور اب امان اللّٰہ کی تلاش کا عمل پولیس کے سپرد ہے۔

اس موقع پر یہ امر بھی قابل ذکر ہے کہ پاکستان کی دوسری ٹیم “بیٹر فیوچر پاکستان” نے اسی ایونٹ میں انڈر 15 کیٹگری کا ٹائٹل اپنے نام کیا۔ مذکورہ ٹیم بھی لیاری کے باصلاحیت کھلاڑیوں پر مشتمل تھی اور پورے ٹورنامنٹ میں ناقابل شکست رہی۔ ٹیم نے ہر میچ میں حریف ٹیموں کو آؤٹ کلاس کرتے ہوئے شاندار کامیابی حاصل کی اور پاکستان کا نام روشن کیا۔

ناروے کپ جیسے بین الاقوامی ایونٹ میں جہاں پاکستانی نوجوان کھلاڑیوں کی کامیابی خوش آئند ہے، وہیں امان اللّٰہ جیسے کھلاڑی کا اچانک لاپتا ہونا ٹیم مینجمنٹ اور متعلقہ حکام کیلئےلمحہ فکریہ ہے۔ ناروے پولیس اس معاملے کی تحقیقات جاری رکھے ہوئے ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں