نیوزی لینڈ کو شکست، بھارت تیسری مرتبہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ چیمپئن بن گیا

احمد آباد (سپورٹس ڈیسک) ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2026 کے فائنل میں بھارت نے یکطرفہ مقابلے کے بعد نیوزی لینڈ کو 96 رنز سے شکست دے کر تیسری مرتبہ عالمی چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کرلیا۔

احمد آباد میں کھیلے گئے فائنل میں نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر بھارت کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی جس کا بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے دفاعی چیمپئن نے بڑا مجموعہ اسکور بورڈ پر سجادیا۔

بھارت نے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 255 رنز بنائے۔ سنجو سیمسن نے 46 گیندوں پر 89 رنز، ابھیشیک شرما نے 21 گیندوں پر 52، ایشان کشن نے 25 گیندوں پر 54 رنز اسکور کیے جبکہ اختتامی اوورز میں شیوم دوبے نے 8 گیندوں پر 28 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے جمی نیشم نے 3 وکٹیں حاصل کیں جبکہ میٹ ہینری اور راچن رویندرا نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔256 رنز کے ہدف کے تعاقب میں نیوزی لینڈ کی ٹیم مشکلات کا شکار رہی اور پوری ٹیم 19ویں اوور میں 159 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔

کیوی ٹیم کی جانب سے ٹم سیفرٹ 52 اور مچل سینٹنر 47 رنز بنا کر نمایاں رہے جبکہ ڈیرل مچل 17 رنز بنا سکے، ان کے علاوہ کوئی بھی بیٹر دہرے ہندسے میں داخل نہ ہوسکا۔

بھارت کی جانب سے جسپریت بمرا نے 4، اکشر پٹیل نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ ہاردیک پانڈیا، ورون چکرورتھی اور ابھیشیک شرما نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔