واشنگٹن: ایران سے ڈیل ہوئی تو اسلام آباد جا سکتا ہوں: ڈونلڈ ٹرمپ

واشنگٹن(غیر ملکی میڈیا) ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ایران کے ساتھ اگلی ملاقات ہفتے کے آخر میں متوقع ہے اور پیش رفت حوصلہ افزا ہے، اگر ایران کے ساتھ معاہدہ طے پا گیا تو وہ اسلام آباد کا دورہ بھی کر سکتے ہیں۔

وائٹ ہاؤس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے پاکستانی قیادت کی تعریف کی اور کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف اور آرمی چیف عاصم منیر بہترین رہنما ہیں، پاکستان نے جنگ بندی کی کوششوں میں کردار ادا کیا ہے۔

امریکی صدر کا کہنا تھا کہ ایران کے ساتھ مذاکرات میں نمایاں پیش رفت ہوئی ہے اور یہ ضروری ہے کہ ایران کے پاس جوہری ہتھیار نہ ہوں، اگر معاہدہ نہ ہوا تو دوبارہ جنگ کا خطرہ موجود ہے، تاہم ایران اب ایسے اقدامات پر آمادہ ہے جن سے وہ پہلے گریز کرتا تھا۔

انہوں نے مزید کہا کہ آبنائے ہرمز میں امریکی ناکہ بندی برقرار ہے اور ایران اس بات پر متفق ہے کہ وہ جوہری ہتھیار حاصل نہیں کرے گا، جبکہ “نیوکلیئر ڈسٹ” واپس کرنے پر بھی رضامندی ظاہر کی گئی ہے۔ڈونلڈ ٹرمپ کے مطابق اگر ایران سے معاہدہ طے پا جاتا ہے تو تیل سمیت دیگر اشیاء کی قیمتوں میں کمی آئے گی اور مہنگائی کم ہو سکتی ہے۔

امریکی صدر نے کہا کہ لبنان میں جنگ بندی کے لیے حکومت حزب اللہ کے ساتھ مل کر کام کرے گی، اور وہ جلد اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو اور لبنانی صدر جوزف عون سے ملاقات کریں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ وہ پوپ لیو سے ملاقات کو ضروری نہیں سمجھتے، تاہم یہ اہم ہے کہ پوپ ایران کو عالمی خطرہ سمجھیں، اور اس معاملے پر اختلافِ رائے ان کا حق ہے۔