وزیراعظم شہباز شریف کی سعودی عرب میں حوثیوں کے حملے کی مذمت

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) وزیراعظم شہباز شریف نے سعودی عرب میں شہریوں اور توانائی کی تنصیبات پر یمن کی حوثی جماعت انصار اللہ کے حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے سعودی قیادت اور عوام سے یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔ایک بیان میں وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ سعودی عرب میں شہریوں اور توانائی کی تنصیبات پر حوثیوں کے حملے کی مذمت کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حوثیوں کے حملے کے نتیجے میں متعدد افراد زخمی ہوئے، خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز، ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان اور برادر سعودی عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں۔وزیراعظم کا کہنا تھا کہ اس طرح کے حملے نہ صرف بے گناہ انسانی جانوں کے لیے خطرہ ہیں بلکہ علاقائی امن و سلامتی کو بھی متاثر کرتے ہیں۔

شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان سعودی عرب کی خودمختاری، سلامتی اور علاقائی سالمیت کے لیے اپنی مستقل حمایت کا اعادہ کرتا ہے، حملوں میں زخمی ہونے والے تمام افراد کی جلد صحت یابی کے لیے دعاگو ہیں۔واضح رہے کہ گزشتہ روز سعودی عرب میں یمن کی حوثی جماعت انصار اللہ کے حملوں میں 73 افراد زخمی ہوگئے تھے۔

سعودی اتحادی فورس کے مطابق زخمیوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔ حوثیوں نے سعودی شہروں ابہا، خمیس مشیط، نجران اور جازان میں حملے کیے۔سعودی اتحادی فورس کا کہنا ہے کہ حوثیوں نے شہری اور اقتصادی تنصیبات کو نشانہ بنایا، جبکہ سعودی عرب نے حملوں کا سخت جواب دینے کا عندیہ دیا ہے۔