وزیراعظم کا پیٹرول پر 100 روپے فی لیٹر ریلیف دینے کی خصوصی اسکیم شروع کرنے کا فیصلہ

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) وزیراعظم شہباز شریف نے موٹرسائیکل، رکشہ، چنگچی اور 800 سی سی تک کی چھوٹی گاڑیوں کیلئے پیٹرول پر 100 روپے فی لیٹر ریلیف دینے کی خصوصی اسکیم شروع کرنے کا فیصلہ کرلیا۔وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ تیل کی قیمتوں میں اضافے سے عوام پر پڑنے والے بوجھ کا انہیں پورا احساس ہے، مشکل کی اس گھڑی میں حکومت عوام کو تنہا نہیں چھوڑے گی۔

وزیراعظم ہاؤس کے مطابق موٹرسائیکل، رکشہ، چنگچی اور دیگر دو اور تین پہیوں والی گاڑیوں کے مالکان اور صارفین کو ماہانہ 20 لیٹر پیٹرول پر 100 روپے فی لیٹر ریلیف دیا جائے گا، جبکہ 800 سی سی تک کی چھوٹی گاڑیوں کے لیے ماہانہ 30 لیٹر پیٹرول پر 100 روپے فی لیٹر ریلیف فراہم کیا جائے گا۔

وزیراعظم کے مطابق اسلام آباد میں اسکیم کا اطلاق پیر اور منگل کی درمیانی شب 15 ستمبر رات 12 بجے سے ہوگا، جبکہ آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان سمیت ملک کے دیگر علاقوں میں بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب 17 ستمبر رات 12 بجے سے ریلیف فراہم کیا جائے گا۔وزیراعظم ہاؤس کے مطابق خصوصی ریلیف اسکیم کے لیے رجسٹریشن کا آغاز کردیا گیا ہے اور طریقہ کار سے متعلق آگاہی مہم کے ذریعے عوام کو معلومات فراہم کی جائیں گی۔

پیٹرولیم وزیر علی پرویز ملک کے مطابق رجسٹریشن کے بعد صارف کو گھر بیٹھے ٹوکن نمبر ملے گا، جسے پٹرول پمپ پر دکھانے کے بعد رعایتی نرخ پر پیٹرول حاصل کیا جاسکے گا۔وزیراعظم شہباز شریف نے اسکیم کیلئےموٹرسائیکل، رکشہ اور چھوٹی گاڑیوں سے متعلق معلومات فراہم کرنے پر صوبائی حکومتوں کا شکریہ بھی ادا کیا۔