بھارت کے پاکستان کیساتھ دو طرفہ کھیلوں کے تعلقات ختم، ایشیا کپ کھیلنے کا فیصلہ

نئی دہلی / دبئی (اسپورٹس ڈیسک) بھارتی وزارتِ کھیل نے اعلان کیا ہے کہ پاکستان کے ساتھ اب کسی بھی نیوٹرل مقام پر دو طرفہ کھیلوں کے مقابلے نہیں ہوں گے۔ تاہم بھارت آئندہ ماہ متحدہ عرب امارات میں ہونے والے ایشیا کپ 2025 میں شرکت کرے گا۔

ایشیا کپ 9 سے 28 ستمبر تک یو اے ای میں کھیلا جائے گا جس میں 8 ایشیائی ٹیمیں شریک ہوں گی، جبکہ پاک-بھارت ٹاکرا 14 ستمبر کو دبئی میں شیڈول ہے۔

بھارتی نیوز ایجنسی پریس ٹرسٹ آف انڈیا (پی ٹی آئی) کے مطابق وزارتِ کھیل نے اس پالیسی کے تحت واضح کیا ہے کہ بھارتی کھلاڑی پاکستان نہیں جائیں گے اور نہ ہی پاکستانی کھلاڑیوں کو بھارت آنے کی اجازت ہوگی۔ تاہم کثیر الملکی ایونٹس میں بھارتی ٹیموں کو شرکت سے نہیں روکا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق پالیسی کا اطلاق فوری طور پر کر دیا گیا ہے، اور اگر آئندہ کسی کثیر الملکی ایونٹ کی میزبانی پاکستان کو ملی تو بھارتی حکومت اس معاملے کا الگ سے جائزہ لے گی۔

واضح رہے کہ گزشتہ برس ایشیا کپ 2023 بھی بھارت کے پاکستان نہ آنے کے فیصلے کے باعث ہائبرڈ ماڈل کے تحت پاکستان اور سری لنکا میں کھیلا گیا تھا۔ بعد ازاں پاکستان کرکٹ ٹیم نے بھارت میں ون ڈے ورلڈ کپ 2023 میں شرکت کی تھی، تاہم 2025 کی چیمپئنز ٹرافی کے لیے بھارتی ٹیم نے ایک مرتبہ پھر پاکستان آنے سے انکار کر دیا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے شدید ردعمل کے بعد انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے دسمبر 2024 میں فیصلہ کیا کہ 2025 سے 2027 تک تمام بڑے ایونٹس ہائبرڈ ماڈل کے تحت ہوں گے۔ اس فیصلے کے تحت 2028 کا ویمنز ٹی20 ورلڈ کپ بھی پاکستان میں ہائبرڈ ماڈل پر منعقد ہوگا۔

ادھر ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) کے صدر محسن نقوی کی سفارتی کوششوں سے ایشیا کپ 2025 کو بھارت کے بجائے متحدہ عرب امارات میں کرانے کا فیصلہ کیا گیا، جس سے ایونٹ کے انعقاد کو یقینی بنایا جا سکا۔

اپنا تبصرہ لکھیں