پاکستان نے زمبابوے کو شکست دے کر ون ڈے سیریز جیت لی

پاکستان نے تیسرے ون ڈے میں زمبابوے کو 99 رنز سے شکست دے کر سیریز 2-1 سے اپنے نام کرلی۔بلاوائیو میں کھیلے گئے تیسرے ون ڈے میچ میں زمبابوے کی ٹیم پاکستان کی جانب سے دیے گئے 304 رنز کے تعاقب میں 40.1 اوورز میں 204 رنز پر ڈھیر ہوگئی اور یوں پاکستان نے میچ 99 رنز سے جیت لیا۔

کپتان کریگ ایرون کی 51 رنز کی اننگز رائیگاں گئی، برائن بینیٹ 37 رنز بنا کر نمایاں رہے، سین ولیمز اور مرومانی نے 24، 24 رنز بنائے۔پاکستان کی جانب سے صائم ایوب، حارث رؤف، ابرار احمد اور عامر جمال نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔اس سے قبل قومی ٹیم نے مقررہ 50 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 303 رنز بنائے ہیں اور زمبابوے کو جیت کیلئے304 رنز کا ہدف دیا تھا۔

گرین شرٹس کی جانب سے صائم ایوب اور عبداللہ شفیق نے اننگ کا آغاز کیا اور پہلی وکٹ کیلئے58 رنز جوڑے۔ صائم ایوب 31 رنز بنا کر پویلین لوٹے۔ دوسری وکٹ کیلئے عبداللہ شفیق اور کامران غلام نے 54 رنز بنائے۔

112 کے مجموعی اسکور پر دوسرے اوپنر عبداللہ شفیق اپنی نصف سنچری مکمل کرتے ہی سکندر رضا کے ہاتھوں ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہو گئے۔ اس موقع پر کپتان محمد رضوان کریز پر آئے اور کامران غلام کے ساتھ مل کر تیسری وکٹ کیلئے89 رنز کی پارٹنر شپ قائم کی۔

اس دوران کامران غلام نےون ڈے کیریئر کی پہلی سنچری اسکور کی۔ 201 پر محمد رضوان 37 کے انفرادی اسکور پر سکندر رضا کی دوسری وکٹ بنے۔ کچھ دیر بعد کامران غلام بھی 103 رنز پر آؤٹ ہوگئے۔ نائب کپتان سلمان آغا نے 30 رنز بنائے جب کہ طیب طاہر 29 رنز پر نا قابل شکست رہے۔زمبابوے کی جانب سے سکندر رضا اور رچرڈ ناگریا نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں جب کہ سین ولیمز اور فراز اکرم نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

اپنا تبصرہ لکھیں