پاکستان نے غزہ میں دستے بھیجنے سے پہلے کچھ سوال پوچھے ہیں: مارکو روبیو

واشنگٹن (امریکی وزارت خارجہ) امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے کہا ہے کہ پاکستان سمیت دیگر ممالک نے غزہ میں امن و امان کے قیام کیلئے فوجی دستے بھیجنے سے متعلق کچھ سوالات اٹھائے ہیں اور ان کے جوابات کے بعد غزہ میں دستے بھیجنے پر غور کرنے کی پیش کش کی ہے، جس پر امریکا پاکستان کا شکر گزار ہے۔

امریکی وزارت خارجہ میں پریس کانفرنس کے دوران ایک سوال کے جواب میں مارکو روبیو نے کہا کہ امریکا پاکستان کا مشکور ہے کہ اس نے غزہ امن منصوبے کا حصہ بننے یا کم از کم اس پر غور کرنے کی پیش کش کی۔ ان کا کہنا تھا کہ اس مرحلے پر پاکستان سمیت دیگر ممالک کچھ وضاحتیں اور سوالوں کے جواب چاہتے ہیں، جن کے بعد ہی کسی ملک سے باضابطہ طور پر یہ کہا جا سکے گا کہ وہ غزہ امن منصوبے کیلئےاپنی خدمات پیش کرے۔

مارکو روبیو نے مزید کہا کہ انہیں یقین ہے کہ بہت سے ایسے ممالک موجود ہیں جو اس تنازعے میں شامل تمام فریقوں کے لیے قابل قبول ہیں اور جو آگے بڑھ کر غزہ استحکام فورس کا حصہ بننا چاہتے ہیں۔