پنجاب اوورسیز کمیشن کے وائس چیرمین کا سمندر پار پاکستانیوں کو خراج تحسین

جدہ(بیورورپورٹ)پنجاب اوورسیز کمیشن کے وائس چیرمین بیرسٹر امجد ملک نے کہا ہے کہ وفاقی اور پنجاب حکومت سمندر پار پاکستانیوں کو خراج تحسین پیش کرتی ہے جو ریکارڈ زرمبادلہ بھیج کر ملک و قوم کی خدمت انجام دے رہے ہیں۔ پنجاب میں اوورسیز کے مسائل کو حل کرنے کیلئے خصوصی عدالتوں کے قیام سمیت دیگر اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

سعودی عرب کے شہر جدہ میں سبکدوش ہونے والے قونصل جنرل خالد مجید کے اعزاز میں منعقدہ تقریب میں بیرسٹر امجد ملک نے کہا کہ سعودی عرب سمیت دنیا بھر میں مقیم پاکستانی ملکی سرمایہ اور فخر ہیں اور حکومت اوورسیز کو درپیش مسائل کو حل کرنے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے قونصل جنرل خالد مجید کی خدمات کو بھی خراج تحسین پیش کیا، جنہوں نے اپنے فرائض منصبی انتہائی فرض شناسی کے ساتھ ادا کیے۔

تقریب کے دیگر مقررین مسعود پوری، چوہدری اکرم گجر، شیخ سعید احمد اور عدنان اقبال بٹ نے کہا کہ سعودی عرب میں 28 لاکھ پاکستانی ہمیشہ ملک و قوم کی خدمت احسن انداز میں کرتے آرہے ہیں اور سبکدوش ہونے والے قونصل جنرل خالد مجید کی کمیونٹی کے لیے خدمات کو کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا۔