پیٹرولیم لیوی کے خاتمے تک لانگ مارچ لازم ہوگیا: لیاقت بلوچ

لاہور (نامہ نگار) پیٹرولیم لیوی کے معاملے پر حکومت اور جماعت اسلامی کے درمیان مذاکرات کا پانچواں دور منصورہ لاہور میں ہوا، تاہم مذاکرات کے بعد حکومتی وفد واپس روانہ ہوگیا۔

جماعت اسلامی کے نائب امیر لیاقت بلوچ نے مذاکرات کے بعد کہا کہ پیٹرولیم لیوی کے خاتمے تک لانگ مارچ لازم ہوگیا ہے، حکومت عوامی مطالبے پر عملی اقدام کرے، ورنہ احتجاج اور لانگ مارچ ضرور ہوگا۔ترجمان جماعت اسلامی کے مطابق حکومتی وفد نے مذاکرات کے دوران جلد عوام کو غیر معمولی ریلیف دینے کی یقین دہانی کرائی ہے۔

جماعت اسلامی کے اعلامیے کے مطابق حکومتی وفد نے جماعت اسلامی کی قیادت کو بتایا کہ عالمی مالیاتی فنڈ کی جانب سے حکومت پر دباؤ ہے اور اس کے وفد کی جلد پاکستان آمد بھی متوقع ہے۔مذاکرات میں حکومتی وفد کی قیادت وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کی، جبکہ سینیٹر رانا ثناء اللہ اور صوبائی وزیر خواجہ سلمان رفیق بھی وفد میں شامل تھے۔

جماعت اسلامی کے وفد کی قیادت نائب امیر لیاقت بلوچ نے کی، جبکہ دیگر رہنما اور مذاکراتی ٹیم کے ارکان بھی موجود تھے۔جماعت اسلامی پہلے ہی پیٹرولیم لیوی کے خاتمے سمیت عوام کو ریلیف دینے کے مطالبات کے حق میں اسلام آباد کی جانب لانگ مارچ کا اعلان کرچکی ہے۔