چونیاں: زہریلی کھیر کھانے سے ایک ہی خاندان کے 5 افراد جاں بحق، بیٹی سمیت 4 نامزد

قصور (نمائندہ خصوصی) قصور کے قصبہ کنگن پور کے نواحی گاؤں محمود خانیکے میں ایک ہی خاندان کے 5 افراد کی پراسرار ہلاکت کے واقعے میں قتل کا مقدمہ درج کرلیا گیا۔ مقدمے میں مقتول قاسم علی کی بیٹی غلام فاطمہ سمیت 4 افراد کو نامزد کیا گیا ہے۔ ملزمان پر کھیر میں زہریلی گولیاں ملانے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔

جاں بحق ہونے والوں میں قاسم علی، ان کی اہلیہ حسنہ بی بی اور تین بیٹے ناظم، آصف اور امانت شامل ہیں۔ خاندان کھیتی باڑی سے وابستہ تھا۔ واقعہ 22 اکتوبر کو اس وقت پیش آیا جب گھر میں تیار کی گئی کھیر کھانے کے بعد اہل خانہ کی طبیعت خراب ہوگئی۔

پولیس اور مقامی افراد کے مطابق سب سے پہلے ناظم کی طبیعت خراب ہوئی۔ اہل خانہ نے ابتدا میں ان کا دم بھی کروایا، تاہم افاقہ نہ ہونے پر 25 اکتوبر کو تمام متاثرہ افراد کو کنگن پور منتقل کیا گیا، جہاں سے انہیں ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر اسپتال قصور اور بعدازاں لاہور جنرل اسپتال بھیج دیا گیا۔

علاج کے دوران ناظم انتقال کرگئے، جنہیں پوسٹ مارٹم کے بغیر دفن کردیا گیا۔ اگلے روز ان کے والد قاسم اور بھائی آصف اور امانت بھی دم توڑ گئے۔ اسی دوران جب تینوں کی نماز جنازہ ادا کی جارہی تھی تو زیر علاج حسنہ بی بی بھی انتقال کرگئیں۔ اس طرح چھ روز کے دوران خاندان کے پانچوں افراد زندگی کی بازی ہار گئے۔

ابتدائی طور پر قاسم علی نے وفات سے قبل پولیس کو بتایا تھا کہ گھر میں کھیر تیار کی گئی تھی جس میں چھپکلی گر گئی تھی۔ چھپکلی نکال کر پھینک دی گئی اور کھیر کا کچھ حصہ بھی ضائع کردیا گیا، تاہم باقی کھیر گھر والوں نے کھالی تھی۔

پولیس نے ابتدا میں ضابطہ فوجداری کی دفعہ 174 کے تحت کارروائی کرتے ہوئے لاشیں ورثا کے حوالے کردی تھیں۔ ناظم کے علاوہ دیگر چار افراد کا پوسٹ مارٹم کیا گیا، جبکہ جسمانی نمونے فرانزک تجزیے کے لیے بھجوائے گئے تاکہ اموات کی اصل وجہ معلوم کی جاسکے۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق خاندان کی کسی سے دشمنی بھی سامنے نہیں آئی تھی۔

تاہم بعدازاں واقعے کے حوالے سے قتل کا مقدمہ درج کیا گیا، جس میں قاسم علی کی بیٹی غلام فاطمہ سمیت 4 افراد کو نامزد کرتے ہوئے الزام عائد کیا گیا کہ کھیر میں زہریلی گولیاں ملائی گئی تھیں۔ پولیس نے ملزمان کی گرفتاری اور واقعے کی مزید تحقیقات شروع کردی ہیں۔

پانچوں افراد کی ہلاکت کی حتمی وجہ تاحال فرانزک اور پوسٹ مارٹم رپورٹس سے مشروط ہے، جبکہ مقدمے میں عائد الزامات کی بھی تفتیش جاری ہے۔