چین میں روس، متحدہ عرب امارات اور اسپین کے ساتھ اہم مشاورتی اجلاس

بیجنگ (غیر ملکی میڈیا)چین نے ایران کے خلاف جاری جنگ اور آبنائے ہرمز کی صورتحال کے تناظر میں روس، متحدہ عرب امارات اور اسپین کے نمائندوں کی میزبانی کرتے ہوئے اہم سفارتی مشاورت کا آغاز کر دیا ہے۔رپورٹس کے مطابق ان ملاقاتوں میں آبنائے ہرمز میں امریکی ناکہ بندی، عالمی توانائی بحران اور ایران سے متعلق بڑھتی کشیدگی پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا جا رہا ہے۔

چین نے اس موقع پر زور دیا ہے کہ آبنائے ہرمز جیسے اہم عالمی تجارتی راستے کی بندش بین الاقوامی مفادات کے خلاف ہے اور اس سے عالمی معیشت متاثر ہو رہی ہے۔ اطلاعات کے مطابق بیجنگ ان ممالک کے ساتھ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی کوشش کر رہا ہے جو ایران سے متعلق امریکی پالیسیوں سے ناخوش ہیں، جبکہ چین اور روس پہلے ہی امریکی اقدامات پر تنقید کر چکے ہیں۔

تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ ایران جنگ اور آبنائے ہرمز کی کشیدہ صورتحال نے عالمی طاقتوں کے درمیان صف بندی کو مزید واضح کر دیا ہے، جہاں چین سفارتی سطح پر متحرک کردار ادا کرتے ہوئے متبادل اتحاد بنانے کی کوشش کر رہا ہے۔واضح رہے کہ آبنائے ہرمز دنیا کی اہم ترین توانائی گزرگاہوں میں شامل ہے اور اس میں کسی بھی قسم کی رکاوٹ عالمی تیل کی سپلائی اور قیمتوں پر براہ راست اثر ڈالتی ہے۔