کرسٹیانو رونالڈو نے اپنی دیرینہ ساتھی جارجینا روڈریگز سے منگنی کرلی

میڈرڈ (نمائندہ خصوصی) 9 سالہ طویل رفاقت کے بعد دنیا کے معروف فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو نے اپنی دیرینہ ساتھی جارجینا روڈریگز سے منگنی کرلی۔ گزشتہ روز 31 سالہ جارجینا روڈریگز نے 40 سالہ رونالڈو کے ہمراہ ایک تصویر شیئر کی، جس میں ان کی انگلی میں نمایاں بڑی ہیرے کی انگوٹھی نظر آ رہی ہے۔ کیپشن میں جارجینا نے لکھا، ”ہاں، میں مانتی ہوں، اس زندگی میں بھی اور اپنی تمام زندگیوں میں بھی۔“

یہ جوڑا 2016 میں میڈرڈ کے گُچی اسٹور میں پہلی بار ملا تھا، جہاں جارجینا ملازمت کر رہی تھیں۔ دونوں کی دو بیٹیاں ہیں جبکہ جارجینا رونالڈو کے دیگر تین بچوں کی پرورش میں بھی شریک ہیں۔ 2022 میں ان کے نوزائیدہ جڑواں بچوں میں سے ایک لڑکا انتقال کر گیا تھا۔

منگنی کی انگوٹھی ایک اوول کٹ ہیرے پر مشتمل ہے جو نفیس بینڈ پر جڑی ہوئی ہے۔ ہسپانوی میڈیا کے مطابق جیولری ماہرین کا اندازہ ہے کہ یہ پتھر 10 سے 15 قیراط وزنی ہے اور اس کی مالیت 10 سے 50 لاکھ ڈالر تک ہو سکتی ہے، جبکہ بعض ماہرین کے مطابق یہ 25 سے 30 قیراط وزنی بھی ہو سکتا ہے۔ اس کی اصل قیمت اس کی شفافیت اور ڈیزائن پر منحصر ہے۔

ریال میڈرڈ اور مانچسٹر یونائیٹڈ کے سابق اسٹار اس وقت سعودی عرب کے کلب النصر کے لیے کھیل رہے ہیں اور حال ہی میں انہوں نے کلب کے ساتھ اپنا معاہدہ بڑھا کر 2027 کی گرمیوں تک کر لیا ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں