کوئٹہ (ایجنسیاں) سریاب کے علاقے میں ریلوے ٹریک دھماکے سے اڑا دیا گیا جس کے بعد ٹرینوں کی آمدورفت معطل کر دی گئی۔ پولیس کے مطابق نامعلوم افراد نے دھماکا خیز مواد نصب کیا جس سے ٹریک کو شدید نقصان پہنچا۔ بم ڈسپوزل اسکواڈ موقع پر پہنچ گیا جبکہ علاقے کو گھیرے میں لے لیا گیا ہے۔
اس سے قبل قمبرانی روڈ پر یکے بعد دیگرے دو دھماکے ہوئے جن میں پولیس چوکی اور سی ٹی ڈی کی گاڑی کو نشانہ بنایا گیا تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ پہلا دھماکا اس وقت ہوا جب موٹر سائیکل سوار ملزمان نے پولیس چیک پوسٹ پر دستی بم پھینکا۔ دوسرا دھماکا دیسی ساختہ آئی ای ڈی کے ذریعے کیا گیا جس کا ہدف پہلے دھماکے کی جگہ کی جانب جانے والی سی ٹی ڈی کی گاڑی تھی۔

