ٹورنٹو (خبر ایجنسیاں) کینیڈا کے بولُو پروگرام نے بھارتی نژاد سکھ ملزم ستندر جیت سنگھ المعروف گولڈی برار کو ملک کے 25 انتہائی مطلوب مفرور ملزمان کی تازہ فہرست میں پہلے نمبر پر شامل کرلیا ہے۔
19 نومبر 2026ء کو جاری کی گئی فہرست کے مطابق گولڈی برار کی گرفتاری میں مدد دینے والی مصدقہ معلومات فراہم کرنے والے شخص کے لیے ڈھائی لاکھ کینیڈین ڈالر تک انعام مقرر کیا گیا ہے۔ یہ انعام کینیڈا یا امریکا میں اس کی گرفتاری کا باعث بننے والی معلومات پر دیا جائے گا۔
گولڈی برار کو ستمبر 2023ء میں کینیڈا کے شہر ونی پیگ میں 39 سالہ سکھدول سنگھ گل کے قتل کے مقدمے میں مطلوب قرار دیا گیا ہے۔ ونی پیگ پولیس کے مطابق اس کے خلاف قتل کی منصوبہ بندی اور پہلے درجے کے قتل کے الزامات کے تحت وارنٹ جاری کیے گئے ہیں۔
وہ بھارت میں بھی قتل کے ایک مقدمے میں مطلوب ہے، جبکہ امریکا میں بھی اس کے خلاف جرائم پیشہ سرگرمیوں سے متعلق مقدمہ ہے۔ امریکی تحقیقاتی ادارے ایف بی آئی نے بھی اسے اپنی انتہائی مطلوب افراد کی فہرست میں شامل کر رکھا ہے۔بولُو پروگرام نے عوام سے اپیل کی ہے کہ ملزم کے بارے میں کسی بھی مستند اطلاع کی صورت میں پولیس کو آگاہ کریں۔

