روس، چین اور امریکہ عالمی امن و سلامتی میں نمایاں کردار ادا کر سکتے ہیں

چین اور امریکہ کے صدور کے ساتھ سہ فریقی ملاقات کے موقع پر روسی صدر ولادیمیر پوتن کا خطاب

روس کے صدر ولادیمیر پوتن کا کہنا ہے چین اور امریکہ کے صدور کے ساتھ ملاقات کے انعقاد پر میں سب سے پہلے اپنے چینی میزبانوں، بالخصوص صدر شی جن پنگ کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں۔

اس نوعیت کی سہ فریقی ملاقات پہلی بار منعقد ہو رہی ہے، جس میں اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے تین مستقل رکن ممالک، روس، عوامی جمہوریہ چین اور ریاست ہائے متحدہ امریکہ کے سربراہان شریک ہیں۔

ہمارے تینوں ممالک کو دوسری عالمی جنگ کی فاتح طاقتیں ہونے کا مشترکہ تاریخی مقام حاصل ہے اور سب سے بڑھ کر بین الاقوامی امن و سلامتی کے قیام اور تحفظ کی مشترکہ ذمہ داری ہم پر عائد ہوتی ہے۔

ہمارے ممالک نے اقوام متحدہ کے قیام میں بنیادی کردار ادا کیا تھا۔ اسی لیے اس عالمی ادارے کے قیام کے ساتھ وجود میں آنے والے بین الاقوامی قانونی نظام کا تحفظ اور اسے مزید مستحکم بنانے کا فریضہ بھی ہم پر عائد ہوتا ہے۔ اس نظام میں اقوام متحدہ کا منشور اور اس میں درج اصول بھی شامل ہیں۔

بلاشبہ ہمیں عالمی اور علاقائی اقتصادی روابط کے ساتھ ساتھ غذائی تحفظ اور توانائی کی سلامتی سے متعلق امور پر بھی تبادلۂ خیال کرنا چاہیے۔

علاقائی تنازعات کے حل کے حوالے سے ہمارے ممالک کے بہت سے مفادات مشترک ہیں، جن میں یقیناً یوکرین کا تنازع بھی شامل ہے۔ صدر شی جن پنگ اور میں نے گزشتہ روز اس موضوع پر بات چیت کی تھی۔ آج صدر ٹرمپ کی تجویز پر ہونے والی ہماری دوطرفہ ملاقات میں بھی زیادہ تر گفتگو اسی مسئلے پر مرکوز رہی۔

ہمارے ممالک عصرِ حاضر کے خطرات اور چیلنجوں، بالخصوص بین الاقوامی دہشت گردی اور سرحد پار منظم جرائم سے نمٹنے کے حوالے سے بھی مشترکہ مفادات رکھتے ہیں۔

میرا پختہ یقین ہے کہ اگر روس، چین اور امریکہ باہمی احترام، مساوات اور مفادات کے توازن کو ملحوظِ خاطر رکھتے ہوئے شراکت داری کی بنیاد پر تعمیری تعاون کو فروغ دیں تو ہمارے تینوں ممالک اور ان کے عوام عالمی امن و سلامتی اور استحکام کو یقینی بنانے میں نمایاں کردار ادا کر سکتے ہیں۔