حافظ آباد: گھر سے ملحقہ ڈیرے سے سابق وفاقی وزیر لیاقت عباس بھٹی کی لاش برآمد

سیکیورٹی گارڈز اور ملازمین گاڑیوں و اسلحے سمیت غائب، گلے پر رسی کا واضح نشان موجود ہے: آر پی او خرم شہزاد
مختلف پہلوؤں سے تحقیقات جاری، ملازمین اور گارڈز کا سراغ لگانے کیلئے کارروائیاں شروع: ڈی پی او فواد احمد

حافظ آباد (نمائندہ خصوصی) حافظ آباد میں سابق وفاقی وزیر لیاقت عباس بھٹی کی لاش ان کی رہائش گاہ سے ملحقہ ڈیرے کے کمرے سے برآمد کر لی گئی ہے، جبکہ واقعے کے بعد ان کے سیکیورٹی گارڈز اور ذاتی ملازمین مقتول کی گاڑیوں اور اسلحے سمیت غائب ہیں۔

پولیس حکام کے مطابق واقعے کی اطلاع ملتے ہی قانون نافذ کرنے والے اداروں نے موقع پر پہنچ کر شواہد اکٹھے کر لیے اور تفتیش کا آغاز کر دیا۔ ریجنل پولیس آفیسر (آر پی او) خرم شہزاد کے مطابق لیاقت عباس بھٹی کی لاش رہائش گاہ سے ملحقہ ڈیرے کے کمرے سے ملی اور ان کے گلے پر رسی کا واضح نشان موجود ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ابتدائی تحقیقات میں ملازمین اور سیکیورٹی گارڈز پر شبہ ظاہر کیا گیا ہے، جبکہ جائے وقوعہ سے مزید شواہد جمع کیے جا رہے ہیں۔

دوسری جانب ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) فواد احمد کا کہنا ہے کہ سابق وفاقی وزیر اپنے کمرے میں مردہ حالت میں پائے گئے اور پولیس واقعے کے تمام پہلوؤں سے تحقیقات کر رہی ہے۔ پولیس کے مطابق مقتول کے سیکیورٹی گارڈز ان کی ذاتی گاڑیوں کے ہمراہ غائب ہیں، جبکہ رہائش گاہ سے ان کا ذاتی اسلحہ بھی غائب پایا گیا ہے۔ حکام کے مطابق فرار ہونے والے ملازمین اور سیکیورٹی گارڈز کا سراغ لگانے اور ذاتی گاڑیوں و اسلحے کی برآمدگی کے لیے مختلف کارروائیاں جاری ہیں۔