پاکستانی طلبہ تنظیموں کو ایک پلیٹ فارم پر لانے کی کوشش، قونصل خانہ ٹورنٹو میں مشاورتی اجلاس

انٹرنیشنل طلبہ کو تنہا نہیں چھوڑینگے، قونصل خانہ ان کیلئے خاندان کی حیثیت رکھتا ہے: قونصل جنرل خلیل باجوہ
یونیورسٹی آف ٹورنٹو کے تمام کیمپسز، ٹی ایم یو، یارک اور ولفرڈ لوریئر سمیت 25 سے زائد طلبہ نمائندوں کی شرکت

ٹورنٹو (نمائندہ خصوصی) کینیڈا کی مختلف جامعات میں سرگرم پاکستان اسٹوڈنٹ ایسوسی ایشنز (PSAs) اور دیگر طلبہ تنظیموں کو ایک چھتری تلے جمع کرنے، باہمی روابط مضبوط بنانے اور بالخصوص انٹرنیشنل طلبہ کو درپیش مسائل و ذہنی دباؤ کے حل میں معاونت کیلئےقونصل خانہ پاکستان ٹورنٹو میں تعاملی و مشاورتی اجلاس منعقد کیا گیا۔ اس نشست میں قونصل جنرل خلیل احمد باجوہ، ٹریڈ اینڈ انویسٹمنٹ قونصلر التمش جنجوعہ، ڈپٹی قونصل سندس علی خان کے علاوہ یونیورسٹی آف ٹورنٹو کے تمام کیمپسز، ٹورنٹو میٹروپولیٹن یونیورسٹی (TMU)، یارک یونیورسٹی اور ولفرڈ لوریئر یونیورسٹی سمیت مختلف اداروں سے 25 سے زائد طلبہ نمائندوں نے شرکت کی۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے قونصل جنرل خلیل احمد باجوہ نے کہا کہ اس اقدام کا بنیادی مقصد قونصل خانے اور طلبہ تنظیموں کے درمیان قریبی روابط اور مسلسل شراکت داری کو فروغ دینا ہے تاکہ مختلف کیمپسز کے طلبہ آپس میں مل سکیں، نیٹ ورک بنا سکیں اور مشترکہ اقدامات کر سکیں۔ انہوں نے بتایا کہ قونصل خانہ پاسپورٹ، ویزا، ڈرائیونگ لائسنس اور لائف سرٹیفکیٹ سمیت قونصلر امور کے ساتھ ساتھ کمیونٹی آؤٹ ریچ اور دوطرفہ تجارت پر بھی کام کر رہا ہے۔ خلیل احمد باجوہ کا کہنا تھا کہ انٹرنیشنل طلبہ، جن کے اہلِ خانہ پاکستان میں ہیں اور جو بعض اوقات یہاں دباؤ کا شکار ہوتے ہیں، انہیں کینیڈا میں اپنے تعلیمی سفر کے دوران دستیاب قونصلر خدمات اور وسائل سے باخبر رہنا چاہیے؛ قونصل خانے کے دروازے ان کے لیے ہمیشہ کھلے ہیں اور یہ ادارہ ان کے لیے خاندان کی طرح ہے، اس لیے وہ خود کو اکیلا نہ سمجھیں۔

قونصل جنرل نے التمش جنجوعہ کی جانب سے طلبہ کے درمیان رابطے کے لیے قائم کیے گئے واٹس ایپ گروپ کا ذکر کرتے ہوئے شرکاء سے کہا کہ گروپ کی معلومات اپنے ساتھیوں تک پہنچائیں تاکہ کسی بھی طالب علم کو کوئی دشواری پیش آئے تو وہ اپنی تنظیم یا براہِ راست گروپ کے ذریعے قونصل خانے سے رجوع کر سکے۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ اس ابتدائی نشست کے بعد طلبہ کی تجاویز کی روشنی میں ایک بڑا اجلاس منعقد کرنے کا ارادہ ہے، جس میں مختلف جامعات کے پاکستان سے تعلق رکھنے والے سینئر پروفیسرز کو بھی مدعو کیا جائے گا تاکہ طلبہ اور اساتذہ کے درمیان ہم آہنگ روابط قائم ہوں۔

تعارفی سیشن کے دوران یونیورسٹی آف ٹورنٹو اسکاربرو (UTSC)، یونیورسٹی آف ٹورنٹو سینٹ جارج، TCF چیپٹرز، PSA، PMUTC اور دیگر فورمز کے نمائندوں نے اپنے تعلیمی شعبوں، سال اور تنظیموں کا تعارف کرایا، جبکہ میک ماسٹر اور براک یونیورسٹی سے مزید طلبہ کی آمد کا بھی ذکر ہوا۔ مستقبل میں گریٹر ٹورنٹو ایریا (GTA) اور دور دراز جامعات تک رسائی بڑھانے اور ضرورت کے مطابق قونصل خانے کے افسران کے کیمپس وزٹ کے حوالے سے بھی بات چیت کی گئی۔

مشاورت کے دوران طلبہ نے نشاندہی کی کہ اکثر کلبز ثقافتی یا تفریحی سرگرمیوں تک محدود رہتے ہیں جبکہ انٹرنیشنل طلبہ کو قونصل خانے کی سہولیات سے رجوع کرنے کے طریقے کے بارے میں مکمل آگاہی نہیں ہوتی؛ ایک طالب علم نے کیمپسز میں پینل مباحثوں یا اسپیکر ٹاکس کی تجویز دی۔ اس کے علاوہ طلبہ نے پاکستانی ورثے کو اجاگر کرنے کے لیے مشترکہ ثقافتی و کمیونٹی تقریبات، پاکستانی کینیڈین فیکلٹی اراکین و محققین سے روابط کے لیے اکیڈمک نیٹ ورکنگ، اور کاروباری ترقی و انٹرپرینیورشپ پر ورکشاپس، کیریئر پینلز اور مینٹور شپ سیشنز کی تجاویز پیش کیں۔ قونصل خانے کے نمائندے نے ان تجاویز کا خیرمقدم کرتے ہوئے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی اور بتایا کہ قونصل خانے کے ہال میں 150 سے 200 افراد کی گنجائش موجود ہے، جہاں یومِ قائداعظم، یومِ اقبال، ادبی سرگرمیوں یا معاشرے پر مثبت اثر ڈالنے والے تخلیقی منصوبوں کے لیے گروپ میں تجویز دے کر منظوری لی جا سکتی ہے۔ مزید کہا گیا کہ ٹریفک اور مصروفیات کے پیشِ نظر آن لائن ویبینرز کے ساتھ ساتھ طلبہ کی خواہش پر افسران کیمپسز جا کر بھی سوالات کے جواب دے سکتے ہیں۔

فنڈ ریزنگ اور چیریٹی سے متعلق سوال پر واضح کیا گیا کہ قونصل خانہ حکومتِ پاکستان کے قواعد و ضوابط کا پابند ہے۔ چیریٹی و فنڈ ریزنگ کرنے والی متعدد تنظیموں کے حوالے سے محتاط رہنا ضروری ہے، اور معروف فلاحی ادارے کی تقریب میں شرکت تو کی جا سکتی ہے، جیسا کہ حالیہ ایک ایونٹ میں اسٹیج پر جا کر طلبہ کی کاوشوں کو سراہا گیا، لیکن سرکاری حدود کے باعث قونصل خانہ کسی چیریٹی ایونٹ کا آرگنائزر نہیں بن سکتا اور نہ ہی ضوابط سے ہٹ کر فنڈ ریزنگ کی اپیل کر سکتا ہے۔

غیر منسلک یا دیگر شعبوں کے طلبہ کو شامل کرنے کے سوال پر التمش جنجوعہ نے کہا کہ واٹس ایپ گروپ کا مقصد ایسے طلبہ کو بھی جوڑنا ہے اور شرکاء مناسب افراد کو گروپ میں شامل کر سکتے ہیں، تاہم گروپ کو منظم رکھنے کے لیے صرف ایونٹس کی تفصیل شیئر کی جائے، ذاتی آراء یا نیوز فیڈز پوسٹ کرنے سے گریز کیا جائے اور نئے اراکین کو بھی قواعد سے آگاہ کیا جائے۔ اجلاس کے اختتام پر شرکاء نے گروپ فوٹو بنوائی اور قونصل خانے کی جانب سے منعقدہ نیٹ ورکنگ عشائیے میں شرکت کی۔