کیوبا میں ملک گیر بجلی بند، رواں سال ساتواں بڑا بلیک آؤٹ

ہوانا(امریکی سفارتخانہ، کیوبا کا سرکاری میڈیا) کیوبا میں جمعے کے روز بجلی کا نظام مکمل طور پر درہم برہم ہونے کے باعث پورے ملک میں بجلی بند ہوگئی، رواں سال ملک گیر سطح پر یہ ساتواں بڑا بلیک آؤٹ ہے۔

امریکی سفارتخانے کے مطابق کیوبا کا بجلی کا نظام مسلسل غیر مستحکم ہوتا جا رہا ہے، جس کے باعث گزشتہ چند ماہ کے دوران ملک بھر میں متعدد بار بجلی کی بندش ہوئی ہے۔

امریکی سفارتخانے نے کیوبا میں موجود امریکی شہریوں اور وہاں سفر کا ارادہ رکھنے والے افراد کو صورت حال سے آگاہ رہنے اور اسی کے مطابق منصوبہ بندی کرنے کی ہدایت کی ہے۔ سفارتخانے کے مطابق موبائل فون اور انٹرنیٹ سروسز کی بندش کی اطلاعات بھی موصول ہوئی ہیں۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ کیوبا میں روزانہ کی بنیاد پر طے شدہ لوڈشیڈنگ کے علاوہ غیر اعلانیہ بجلی کی بندش بھی جاری ہے جبکہ حالیہ دنوں میں بجلی کی بندش کی تعداد اور دورانیہ بڑھ گیا ہے۔

کیوبا کے سرکاری ذرائع ابلاغ کے مطابق بجلی کا نظام درہم برہم ہونے کی وجوہات کی تحقیقات جاری ہیں تاہم بجلی کی مکمل بحالی کے لیے کوئی حتمی وقت نہیں بتایا گیا۔

کیوبا کی وزارت توانائی نے بھی بجلی کی بندش سے متعلق سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر بیان جاری کیا ہے۔

رپورٹس کے مطابق گزشتہ شام تک دارالحکومت ہوانا میں تقریباً 8 لاکھ 62 ہزار صارفین میں سے 5 فیصد کی بجلی بحال کردی گئی تھی، جبکہ اسپتالوں اور ہنگامی خدمات فراہم کرنے والے دیگر اداروں کو بجلی کی فراہمی بحال کرنے کے اقدامات بھی شروع کردیئے گئے تھے۔

غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق کیوبا کا بجلی کا نظام ایندھن کی قلت، امریکی پابندیوں اور تیل کی فراہمی میں مشکلات کے ساتھ ساتھ خستہ حال بنیادی ڈھانچے کے باعث شدید دباؤ کا شکار ہے۔