یورپ میں بم کی جھوٹی اطلاعات سے فضائی نظام متاثر، 15 سے زائد پروازوں کا رخ تبدیل

پیرس (اے ایف پی، رائٹرز، دی گارڈین)یورپ کے مختلف ممالک میں جمعرات کے روز مسافر طیاروں کو بم کی دھمکیاں موصول ہونے کے بعد کم از کم 15 پروازیں متاثر ہوئیں، متعدد طیاروں کو ہنگامی طور پر اتارا گیا یا ان کا رخ تبدیل کردیا گیا۔ ابتدائی تلاشی کے دوران کسی طیارے سے دھماکا خیز مواد برآمد نہیں ہوا۔

آئرلینڈ کے دارالحکومت ڈبلن سے اٹلی کے شہر روم جانے والی ایئر لنگس کی پرواز کو سیکیورٹی الرٹ کے بعد شمالی فرانس میں واقع ایوروکس فوجی ہوائی اڈے پر اتار لیا گیا۔ ایئر لائن کے مطابق طیارہ بحفاظت اترا اور مسافروں کو ان کی منزل تک پہنچانے کے انتظامات کیے جا رہے ہیں۔

بلغاریہ میں کوپن ہیگن اور میڈرڈ سے آنے والی ریان ایئر کی دو پروازوں کو دارالحکومت صوفیہ میں اتارا گیا، جبکہ لندن کے اسٹینسٹیڈ ہوائی اڈے سے آنے والی ایک پرواز کو پلوودیو منتقل کردیا گیا۔ بلغاریہ کی فضائیہ کے لڑاکا طیاروں نے ان مسافر طیاروں کو حفاظتی حصار فراہم کیا۔ تلاشی کے بعد کسی مشکوک چیز کی موجودگی کی تصدیق نہیں ہوئی۔

اٹلی کے شہر میلان سے پولینڈ کے دارالحکومت وارسا جانے والی وِز ایئر کی پرواز کو بھی بم کی اطلاع کے بعد آسٹریا کے دارالحکومت ویانا کی جانب موڑ دیا گیا۔ فن لینڈ کے شہر ہیلسنکی سے روم اور ویانا جانے والی پروازوں کو بھی دھمکیاں موصول ہوئیں، تاہم دونوں طیارے بحفاظت اپنی منزلوں پر پہنچ گئے۔

پولینڈ کی فضائی کمپنی کی وارسا سے برسلز جانے والی پرواز سمیت پراگ جانے والے چار طیاروں کو بھی سیکیورٹی الرٹس کا سامنا کرنا پڑا۔ برطانوی ایئر لائن ایزی جیٹ کی نیوکاسل اور گلاسگو سے پراگ جانے والی دو پروازوں کو بھی پولیس کی نگرانی میں تلاشی کے لیے لیا گیا، تاہم مسافروں کو معمول کے مطابق طیاروں سے اترنے دیا گیا۔

فرانسیسی اور اطالوی فضائیہ کے لڑاکا طیاروں نے بھی بعض پروازوں کو حفاظتی حصار فراہم کیا۔ حکام کے مطابق تمام متاثرہ طیارے بحفاظت اترے اور ابتدائی معائنے میں کوئی دھماکا خیز مواد نہیں ملا۔

خبر ایجنسی اے ایف پی کی بعد کی رپورٹ کے مطابق یورپ میں بم کی جھوٹی اطلاعات سے متاثر ہونے والی پروازوں کی تعداد بڑھ کر تقریباً 20 ہوگئی تھی۔ یہ واقعات رواں ہفتے کے دوران تیسری مرتبہ پیش آئے، جبکہ برطانیہ کے ہیتھرو اور برمنگھم ہوائی اڈوں کو موصول ہونے والی دھمکیوں کو حکام نے غیر معتبر قرار دیا۔