آبنائے ہرمز میں بحری جہازوں کی آمدورفت پانچ ہفتوں کی کم ترین سطح پر آگئی

لندن (رائٹرز) آبنائے ہرمز میں بحری جہازوں کی آمدورفت کم ہو کر گزشتہ پانچ ہفتوں کی کم ترین سطح پر پہنچ گئی، جبکہ خطے میں کشیدگی کے باعث جہاز رانی کی سرگرمیاں متاثر ہو رہی ہیں۔

میرین ٹریفک اور جہاز رانی سے متعلق دستیاب اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران صرف پانچ کمرشل بحری جہاز آبنائے ہرمز سے گزر سکے، جبکہ کئی جہازوں نے سکیورٹی خدشات کے باعث اپنے خودکار شناختی نظام (اے آئی ایس) بھی بند رکھے، جس سے مجموعی آمدورفت کا درست اندازہ لگانا مشکل ہو گیا۔

ادھر امریکی سینٹرل کمانڈ نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران کا آبنائے ہرمز پر کنٹرول نہیں ہے، جبکہ ایران اس مؤقف کو مسترد کرتے ہوئے خود کو آبنائے ہرمز کا محافظ قرار دے چکا ہے۔

دوسری جانب آبنائے ہرمز کی صورت حال اور تیل کی ترسیل سے متعلق خدشات کے باعث عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں ایک بار پھر اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ برینٹ خام تیل تقریباً 81 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گیا، جبکہ امریکی خام تیل اور متحدہ عرب امارات کا مربان خام تیل تقریباً 74 ڈالر فی بیرل کے قریب ٹریڈ ہوتا رہا۔