مقبول آن لائن گیم ’اسٹک رن‘ کے خالق مینوئل اوٹو 30 برس کی عمر میں چل بسے

برلن (ایجنسیاں)مقبول ملٹی پلیئر گیم ’اسٹک رن‘ کے خالق اور جرمن سوشل میڈیا انفلوئنسر مینوئل اوٹو کی موت کی خبر سامنے آئی ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق 30 سالہ مینوئل اوٹو منگل کی شام ویڈیو اسٹریمنگ پلیٹ فارم ٹوئچ پر براہِ راست نشریات کے دوران مبینہ طور پر اپنی جان لے بیٹھے۔ تاہم واقعے کی تمام تفصیلات کی آزادانہ تصدیق نہیں ہوسکی۔

گیم کی انتظامیہ نے مینوئل اوٹو کی موت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ادارہ اس براہِ راست نشریات سے آگاہ ہے جس کے دوران بظاہر یہ واقعہ پیش آیا۔

مقامی ذرائع ابلاغ کے مطابق جرمنی کے جنوب مشرقی علاقے باویریا میں ایک عمارت میں آگ لگنے کے بعد مینوئل اوٹو کی لاش برآمد ہوئی۔ اطلاعات کے مطابق ایک پڑوسی نے آگ دیکھ کر اسے بجھانے کی کوشش کی، تاہم امدادی کارروائیوں کے باوجود ان کی جان نہ بچائی جاسکی۔

مینوئل اوٹو نے محض 14 برس کی عمر میں 2010ء میں فیس بک کے لیے مفت آن لائن گیم ’اسٹک رن‘ تیار کی تھی۔ وقت گزرنے کے ساتھ یہ کھیل دنیا بھر میں مقبول ہوگیا اور کمپیوٹرز سمیت موبائل فونز پر بھی کھیلا جانے لگا۔

اس کھیل میں کھلاڑی انسانی خاکے جیسے کردار کو مختلف رکاوٹوں سے گزار کر آگے بڑھاتے اور سکے و پوائنٹس جمع کرتے تھے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق دنیا بھر میں 4 کروڑ 30 لاکھ سے زائد افراد یہ کھیل کھیل چکے ہیں۔

مینوئل اوٹو کی موت کی خبر نے آن لائن گیمنگ کی دنیا میں ان کے کام اور کم عمری میں تیار کردہ مقبول کھیل کو دوبارہ خبروں میں نمایاں کردیا ہے۔ تاہم ان کی موت سے متعلق حالات کے بارے میں حتمی نتیجہ اخذ کرنے کے لیے مستند معلومات اور تحقیقات کی تفصیلات سامنے آنا ضروری ہیں۔