پیرس میں پاکستانی فنکاروں کے فن کی دھوم، سفیر ممتاز زہرا بلوچ کی ایشیا ناؤ آرٹ میلے میں شرکت

پیرس (علی اشفاق سے)فرانس کے دارالحکومت پیرس میں آرٹ ویک کے موقع پر منعقدہ ایشیا ناؤ ایشیائی فنونِ لطیفہ میلے میں پاکستانی فنکاروں کے تخلیقی کام کو نمایاں پذیرائی ملی۔ فرانس میں پاکستان کی سفیر ممتاز زہرا بلوچ نے بھی میلے کا دورہ کیا، جہاں منتظمین نے ان کا استقبال کیا۔

اس موقع پر ایشیا ناؤ کی بانی اور ڈائریکٹر الیگزینڈرا فین نے سفیر پاکستان کا خیرمقدم کیا۔ ممتاز زہرا بلوچ نے پاکستانی معاصر فنکاروں اور فنونِ لطیفہ کے منتظمین سے ملاقاتیں کیں اور ان کے تخلیقی کام کا جائزہ لیا۔

رواں سال ایشیا ناؤ آرٹ میلے کی تشہیری مہم میں پاکستانی فنکارہ وردہ شبیر کے فن کو نمایاں جگہ دی گئی ہے۔ پیرس آرٹ ویک کے دوران پاکستانی فنکارہ کے کام کی یہ نمائندگی پاکستان کے معاصر فن کو عالمی سطح پر متعارف کرانے اور ملک کے ثقافتی تشخص کو اجاگر کرنے کا اہم موقع قرار دی جا رہی ہے۔

ایشیا ناؤ آرٹ میلہ پیرس آرٹ ویک کے دوران ایشیائی فنکاروں اور ان کے تخلیقی فن پاروں کو عالمی آرٹ حلقوں کے سامنے پیش کرتا ہے۔ اس پلیٹ فارم پر پاکستانی فنکاروں کی شرکت نہ صرف ان کے کام کو بین الاقوامی سطح پر متعارف کرانے میں مدد دیتی ہے بلکہ پاکستان اور فرانس کے درمیان ثقافتی روابط کو مزید اجاگر کرنے کا ذریعہ بھی بنتی ہے۔