اوٹاوا (نمائندہ خصوصی) پاکستان کے ہائی کمیشن نے اوٹاوا میں کالج آف فزیشنز اینڈ سرجنز پاکستان اور رائل کالج آف فزیشنز اینڈ سرجنز آف کینیڈا کے وفود کی میزبانی کی، جہاں دونوں اداروں کے درمیان اعلیٰ طبی تعلیم، تربیت اور پیشہ ورانہ استعداد بڑھانے کیلئےمفاہمت کی یادداشت پر دستخط کیے گئے۔

کالج آف فزیشنز اینڈ سرجنز پاکستان کے وفد کی قیادت اس کے صدر پروفیسر ڈاکٹر خالد مسعود گوندل نے کی، جبکہ رائل کالج آف فزیشنز اینڈ سرجنز آف کینیڈا کے وفد کی سربراہی ادارے کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈاکٹر کرسٹوفر واٹلنگ نے کی۔

معاہدے کے تحت دونوں ادارے اعلیٰ طبی تعلیم و تربیت، پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں اضافے، ادارہ جاتی استعداد کی تعمیر اور باہمی دلچسپی کے شعبوں میں بہترین طریقہ ہائے کار کے تبادلے کیلئے تعاون کریں گے۔اس اشتراک کا مقصد طبی تعلیم کے معیار کو بہتر بنانے، تربیتی تجربات سے استفادہ کرنے اور دونوں ممالک کے طبی اداروں کے درمیان پیشہ ورانہ روابط کو فروغ دینے کے مواقع پیدا کرنا ہے۔

