تہران / واشنگٹن(روسی خبر رساں ایجنسی، ایرانی میڈیا، امریکی حکام)آبنائے ہرمز سے گزرنے کی کوشش کرنے والے ایک امریکی آئل ٹینکر کیخلاف ایران نے کارروائی کی ، جس کے بعد خطے میں کشیدگی مزید بڑھ گئی ہے۔
روسی خبر رساں ایجنسی کے مطابق ایرانی پاسدارانِ انقلاب نے وارننگ شاٹس فائر کیے جس کے نتیجے میں امریکی جہاز کو واپس جانے پر مجبور ہونا پڑا۔رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ امریکا نے ایرانی بندرگاہ بندر عباس کے قریب کارروائی کی، تاہم اس کے نتیجے میں کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔
دوسری جانب امریکی حکام نے تصدیق کی ہے کہ امریکا نے ایک ہفتے کے دوران دوسری بار ایران میں فوجی اہداف کو نشانہ بنایا ہے۔ حکام کے مطابق حملوں کا ہدف آبنائے ہرمز کے قریب ایرانی فوجی تنصیبات تھیں۔امریکی حکام کا کہنا ہے کہ کارروائی کا مقصد خطے میں تعینات امریکی افواج اور تجارتی جہازوں کو لاحق خطرات کا خاتمہ کرنا تھا۔
ادھر ایرانی میڈیا کے مطابق ملک کے مشرقی علاقوں میں دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں، جس کے بعد فضائی دفاعی نظام کو چند منٹ کے لیے فعال کر دیا گیا۔آبنائے ہرمز میں حالیہ واقعات کے بعد عالمی سطح پر تشویش میں اضافہ ہوا ہے کیونکہ یہ گزرگاہ عالمی تیل تجارت کے لیے انتہائی اہم سمجھی جاتی ہے۔

