آبنائے ہُرمز کھلوانے کیلئے امریکا چین سے مدد طلب کرنے پر مجبور:عراقچی

تہران (ایرانی میڈیا، عالمی ذرائع)ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کہا ہے کہ امریکا آبنائے ہرمز کی حفاظت کے لیے چین سمیت دنیا کے دیگر ممالک سے مدد طلب کرنے پر مجبور ہو چکا ہے۔عباس عراقچی نے بیان میں کہا کہ خطے میں امریکی سیکیورٹی کی چھتری میں متعدد کمزوریاں پیدا ہو چکی ہیں اور امریکا مشکلات کو کم کرنے کے بجائے ان کی دعوت دے رہا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ایران اپنے برادر پڑوسی ملکوں سے مطالبہ کرتا ہے کہ وہ غیر ملکی جارحین کو اپنے خطے سے نکال باہر کریں کیونکہ ان جارح ملکوں کی واحد تشویش صرف اسرائیل ہے۔ایرانی وزیر خارجہ نے واضح کیا کہ آبنائے ہرمز امریکا اور اس کے اتحادیوں کے علاوہ سب کے لیے کھلا ہے اور امریکا نے جمعے کے روز راس الخیمہ اور دبئی کے قریب حملے کیے، جبکہ پڑوسی ممالک سے ہائی موبیلیٹی راکٹ سسٹمز بھی داغے جا رہے ہیں۔