آبنائے ہُرمُز :جہاز ایرانی اجازت کے پابند، خلاف ورزی کے نتائج خطرناک ہونگے: ایرانی فوج

تہران( رائٹرز، اے ایف پی، الجزیرہ، ایرانی سرکاری میڈیا)ایرانی فوج نے تجارتی بحری جہازوں اور تیل بردار ٹینکرز کو خبردار کیا ہے کہ ایرانی اجازت کے بغیر اور مقررہ بحری راستے سے ہٹ کر آبنائے ہُرمُز عبور کرنے کی کوشش کے سنگین نتائج برآمد ہو سکتے ہیں۔

ایرانی فوج کے بیان میں کہا گیا ہے کہ آبنائے ہُرمُز پر ایران کا کنٹرول مستحکم ہے اور تمام تجارتی جہازوں اور تیل بردار ٹینکرز کو ایران سے اجازت حاصل کرنے کے بعد مقرر کردہ راستے کے ذریعے ہی گزرنا ہوگا۔

بیان کے مطابق جو جہاز مقررہ قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی کرے گا وہ نہ صرف اپنی سلامتی بلکہ دیگر بحری جہازوں کی آمدورفت کے لیے بھی خطرات پیدا کر سکتا ہے۔

ایرانی فوج نے کہا کہ آبنائے ہُرمُز میں بحری ٹریفک کے محفوظ اور منظم بہاؤ کو یقینی بنانا ضروری ہے، اس لیے تمام جہازوں کو جاری کردہ ہدایات پر عمل کرنا ہوگا۔

دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے ایران کی بحری ناکہ بندی ختم کرنے اور آبنائے ہُرمُز کھولنے کے اعلان کے بعد گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 24 بحری جہاز آبنائے سے گزر چکے ہیں۔

پاسدارانِ انقلاب کے مطابق ان جہازوں میں تیل بردار ٹینکرز اور کنٹینر بردار بحری جہاز شامل تھے، جنہوں نے ایرانی بحریہ کے تعاون سے آبنائے ہُرمُز عبور کی۔