ابوظہبی( اماراتی میڈیا)متحدہ عرب امارات کی ایک عدالت نے سوشل میڈیا پر مراکش سے متعلق مبینہ طور پر غلط ویڈیو پوسٹ کرنے کے جرم میں ایک شہری کو تین سال قید اور 50 لاکھ درہم جرمانے کی سزا سنا دی ہے۔
حکام کے مطابق ویڈیو میں کم عمر بچیوں کی شادی سے متعلق جھوٹے دعوے کیے گئے تھے اور اسے معاشرتی طور پر حساس مواد کے طور پر دیکھا گیا۔ابوظہبی فیڈرل کورٹ آف اپیلز کے اسٹیٹ سیکیورٹی چیمبر نے سیف سالم سیف علی المقبلی کو قصوروار قرار دیا۔
عدالتی فیصلے کے مطابق نہ صرف مجرم کو سزا دی گئی بلکہ متعلقہ ویڈیو ہٹانے، سوشل میڈیا اکاؤنٹس بند کرنے اور استعمال شدہ موبائل فون ضبط کرنے کا حکم بھی دیا گیا۔
پراسیکیوٹرز کے مطابق ملزم نے ویڈیو میں دعویٰ کیا تھا کہ مراکش میں کم عمر بچیوں کی شادی کی اجازت ہے، جو حقیقت کے برعکس تھا۔حکام نے کہا کہ اس مواد کی زبان نفرت اور سماجی تقسیم کو فروغ دے سکتی تھی اور اماراتی و مراکشی برادریوں کے تعلقات کو نقصان پہنچنے کا خدشہ تھا۔

