عمان (ایجنسیاں)اردن کی فضائی حدود میں ایران سے داغے گئے میزائلوں کے داخل ہونے کی اطلاعات کے بعد ملک بھر میں فضائی حملے کے خطرے کے سائرن بجا دیے گئے۔اردن حکومت کے ترجمان ڈاکٹر محمد حسین المومنی نے بتایا کہ ایران سے آنے والے 8 میزائلوں کو بروقت نشانہ بنا کر تباہ کر دیا گیا جبکہ اس واقعے میں کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔
انہوں نے کہا کہ اردن کی مسلح افواج مکمل الرٹ ہیں اور مملکت کی سلامتی اور شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے ہر ممکن اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ڈاکٹر المومنی کے مطابق متعلقہ ادارے صورتحال سے متعلق عوام کو بروقت معلومات اور ضروری ہدایات فراہم کرتے رہیں گے۔انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ صرف سرکاری ذرائع سے جاری ہونے والی معلومات پر اعتماد کریں اور افواہوں یا غیر مصدقہ خبروں کے پھیلاؤ سے گریز کریں۔

