انقرہ (رائٹرز، اے ایف پی) ترک صدر رجب طیب اردوان 2028 میں قبل از وقت صدارتی انتخابات کی صورت میں دوبارہ امیدوار بن سکتے ہیں، ان کے اعلیٰ مشیر مہمت اوچم نے ممکنہ قبل از وقت انتخابات کی تاریخ بھی بتا دی۔
مہمت اوچم کے مطابق اگر ترکیہ کی 600 رکنی پارلیمنٹ کے کم از کم 360 ارکان نئے انتخابات کے انعقاد کے حق میں ووٹ دیتے ہیں تو قبل از وقت انتخابات 16 اپریل 2028 کو کرائے جاسکتے ہیں۔
ترکیہ کے موجودہ انتخابی نظام کے تحت عام انتخابات مئی 2028 میں ہونا مقرر ہیں، تاہم آئین پارلیمنٹ کو 360 ارکان کی حمایت حاصل ہونے کی صورت میں قبل از وقت انتخابات کرانے کی اجازت دیتا ہے۔
صدر رجب طیب اردوان کی جماعت اے کے پارٹی اور اس کی قوم پرست اتحادی جماعت ایم ایچ پی کے پاس پارلیمنٹ میں مجموعی طور پر 326 نشستیں ہیں، اس لیے قبل از وقت انتخابات کے لیے انہیں مزید 34 ارکان کی حمایت درکار ہوگی۔
مہمت اوچم کے بیان کے مطابق قبل از وقت انتخابات کی صورت میں آئینی راستہ اردوان کے لیے دوبارہ صدارتی انتخاب لڑنے کا موقع فراہم کرسکتا ہے۔ اردوان 2014 میں صدر منتخب ہوئے تھے، جبکہ صدارتی نظام نافذ ہونے کے بعد 2018 اور 2023 میں بھی صدر منتخب ہوئے۔
قبل از وقت انتخابات کی قیاس آرائیوں کو اس وقت تقویت ملی جب اردوان نے گزشتہ ہفتے اپنے آبائی صوبے ریزے میں خطاب کے دوران آئندہ انتخابات کا ذکر کیا، تاہم اے کے پارٹی کے ترجمان عمر چیلیک نے بعد میں کہا کہ صدر کے بیان کو قبل از وقت انتخابات کا اشارہ نہ سمجھا جائے اور فی الحال حکومت کے ایجنڈے میں کوئی انتخابات شامل نہیں۔
ترکیہ کی حزب اختلاف کے رہنما اوزگور اوزیل طویل عرصے سے قبل از وقت انتخابات کا مطالبہ کرتے رہے ہیں، تاہم 2028 کے ممکنہ صدارتی انتخاب میں حزب اختلاف کی جانب سے امیدوار کے معاملے پر صورت حال ابھی واضح نہیں ہے۔

