پشاور (نمائندہ خصوصی) وزیرِ اطلاعات خیبر پختونخوا شفیع جان نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی جانب سے دورۂ لندن میں سرکاری طیارے کے استعمال کے اخراجات کی ادائیگی کی رسید پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ فارم 47 کے بعد پیش خدمت ہے رسید 47۔
شفیع جان نے کہا کہ مریم نواز نے لندن کے اخراجات کی مد میں 2 کروڑ 71 لاکھ 94 ہزار 4 روپے جمع کرائے ہیں، رسید کے مطابق رقم 17 ستمبر کو جمع ہوئی جبکہ بینک کو اس کی وصولی 18 ستمبر کو ہوئی۔انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن میں مریم نواز کے ظاہر کردہ مجموعی اثاثے سوا دو کروڑ روپے ہیں، سوال یہ ہے کہ مریم نواز نے اپنی جیب سے پونے تین کروڑ روپے کیسے جمع کرائے؟
دوسری جانب دستیاب رپورٹس کے مطابق مریم نواز نے اپنی بیٹی کی گریجویشن تقریب میں شرکت کیلئے 5 سے 9 ستمبر تک لندن کے نجی دورے میں پنجاب حکومت کا سرکاری گلف اسٹریم جی 500 طیارہ استعمال کیا تھا۔ سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے واجبات کی ادائیگی کیلئے مراسلے کے بعد 2 کروڑ 71 لاکھ 94 ہزار 4 روپے پنجاب حکومت کے خزانے میں جمع کرائے گئے۔
رپورٹس کے مطابق رقم بینک آف پنجاب کے چیک کے ذریعے نیشنل بینک آف پاکستان کی ویلنشیا برانچ لاہور میں جمع کرائی گئی، جبکہ رسید پر 17 ستمبر کو رقم جمع ہونے اور 18 ستمبر کو بینک کی وصولی کی مہر درج ہے۔ پنجاب حکومت کی ترجمان عظمیٰ بخاری نے وضاحت کی ہے کہ چیک کی کلیئرنگ اگلے روز ہونا بینکوں کا معمول کا طریقہ کار ہے۔

