اسرائیلی حملے میں القسام کمانڈر، اہلیہ اور بیٹی شہید، 3 سالہ بیٹا زندہ بچ گیا

غزہ/قاہرہ (رائٹرز) غزہ کے وسطی شہر دیر البلح میں اسرائیلی فضائی حملے میں القسام بریگیڈز سے وابستہ عمر ابو قاسم، ان کی اہلیہ اسما اور 6 سالہ بیٹی حبیبہ شہید ہوگئے، جبکہ ان کا 3 سالہ بیٹا سامی زخمی حالت میں زندہ بچ گیا۔ اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ حملے کا ہدف حماس کا ایک رکن تھا۔

رائٹرز کے مطابق حملہ ایک رہائشی اپارٹمنٹ پر کیا گیا، جس کے نتیجے میں عمر ابو قاسم، ان کی اہلیہ اور بیٹی جاں بحق ہوگئے، جبکہ تین سالہ سامی واحد زندہ بچ جانے والا فرد ہے، جسے زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا۔

غزہ کی وزارتِ صحت کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران اسرائیلی حملوں میں مزید تین فلسطینی شہید ہوئے، جبکہ ایک زخمی، جو پہلے ہونے والے حملے میں زخمی ہوا تھا، زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔ وزارت کے مطابق 7 اکتوبر 2023 سے جاری اسرائیلی کارروائیوں میں اب تک کم از کم 73 ہزار 250 فلسطینی شہید اور ایک لاکھ 73 ہزار 751 زخمی ہو چکے ہیں۔

وزارتِ صحت نے مزید بتایا کہ گزشتہ سال اکتوبر میں نافذ ہونے والی جنگ بندی کے باوجود اسرائیلی حملے جاری ہیں، جن میں اب تک کم از کم ایک ہزار 127 افراد شہید اور 3 ہزار 643 زخمی ہو چکے ہیں۔