یروشلم / بیروت(اسرائیلی میڈیا، غیر ملکی خبر رساں ادارے)اسرائیلی وزیراعظم بن یامین نیتن یاہو نے جنوبی لبنان پر جاری فضائی حملے روکنے کا حکم دے دیا ہے۔اسرائیلی میڈیا کے مطابق یہ فیصلہ وزیراعظم نیتن یاہو اور وزیر دفاع کی امریکا کے ساتھ مشاورت کے بعد سامنے آیا ہے۔
دوسری جانب اسرائیلی وزارت خارجہ نے دعویٰ کیا ہے کہ حزب اللہ جنگ بندی کی مسلسل خلاف ورزی کر رہی ہے، جس کے ردعمل میں اسرائیلی جنگی طیاروں نے جنوبی لبنان میں کارروائیاں کیں۔
ادھر حزب اللہ نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ وہ جنگ بندی کیلئے پرعزم ہے تاہم اسرائیل کی جانب سے لبنان میں جارحیت اور قبضے کی کوششوں کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔حزب اللہ کے مطابق اس کے جنگجوؤں نے جنوبی لبنان کے علاقے نباتیہ کی جانب پیش قدمی کرنے والے اسرائیلی فوجی دستوں کو نشانہ بنایا ہے۔
تنظیم نے مزید کہا ہے کہ اگرچہ وہ جنگ بندی معاہدے پر عمل پیرا ہے، لیکن اسرائیلی حملوں کے تسلسل نے صورتحال کو دوبارہ کشیدہ بنا دیا ہے۔دونوں فریقین کے بیانات کے بعد خطے میں کشیدگی میں کمی کے باوجود صورتحال بدستور غیر یقینی بنی ہوئی ہے۔

