اسرائیل کو کنٹرول نہ کیا گیا تو آئندہ مذاکرات ناکام ہونگے:جو کینٹ

واشنگٹن(رائٹرز، الجزیرہ، امریکی میڈیا)امریکا میں نیشنل کاؤنٹر ٹیررازم سینٹر کے سابق ڈائریکٹر جو کینٹ نے کہا ہے کہ اگر اسرائیل کو کنٹرول نہ کیا گیا تو آئندہ مذاکرات ناکام ہو جائیں گے۔

اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ اسرائیل کو فیصلہ سازی کے عمل میں مکمل رسائی دینا مذاکرات کے لیے نقصان دہ ہے، اور امریکا کو اپنی پالیسی میں اپنے قومی مفادات کو ترجیح دینی چاہیے۔

جو کینٹ کے مطابق اسرائیل کو ایک “جونیئر پارٹنر” کے طور پر دیکھا جانا چاہیے، نہ کہ فیصلہ کن حیثیت دی جائے۔انہوں نے مزید کہا کہ ایران 2003 سے نیوکلیئر ہتھیار نہ بنانے کے عزم کا اظہار کر چکا ہے، اس لیے امریکا کو اپنی حکمتِ عملی پر نظرِ ثانی کرنی چاہیے۔

واضح رہے کہ جو کینٹ نے گزشتہ ماہ ایران کے خلاف جنگی پالیسی سے اختلاف کرتے ہوئے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا۔ اپنے استعفے میں انہوں نے کہا تھا کہ وہ ضمیر کے مطابق اس جنگ کی حمایت نہیں کر سکتے، اور یہ مؤقف بھی اختیار کیا تھا کہ ایران امریکا کے لیے فوری خطرہ نہیں تھا۔

جو کینٹ سابق امریکی اسپیشل فورسز اہلکار رہ چکے ہیں، جو بعد ازاں سی آئی اے سے بھی وابستہ رہے۔ انہیں حال ہی میں سینیٹ کی منظوری کے بعد نیشنل کاؤنٹر ٹیررازم سینٹر کا سربراہ مقرر کیا گیا تھا۔