اسرائیل کے لبنان پر حملے امریکا ایران مذاکرات ملتوی ہونے کا سبب بنے: ایرانی وزارت خارجہ

تہران / جنیوا(ایجنسیاں)ایرانی وزارت خارجہ کے ذرائع کا کہنا ہے کہ لبنان پر اسرائیلی فوج کی شدید کارروائیوں کے باعث امریکا اور ایران کے درمیان آج سوئٹزر لینڈ میں ہونیوالے مذاکرات ملتوی ہو گئے ہیں۔

ذرائع کے مطابق لبنان پر اسرائیلی حملوں میں شدت آنے کے باعث آج صبح تک مزید سولہ افراد شہید ہو چکے ہیں، جبکہ جاری بمباری کی وجہ سے ایرانی وفد سوئٹزر لینڈ کیلئے روانہ ہی نہیں ہو سکا۔

ایرانی وزارت خارجہ کے ذرائع نے بتایا کہ چیف مذاکرات کار باقر قالیباف اور وزیر خارجہ عباس عراقچی سوئٹزر لینڈ روانگی کیلئے مکمل طور پر تیار تھے، تاہم لبنان میں اسرائیلی جارحیت جاری رہنے کی وجہ سے ایرانی وفد کا دورہ آخری لمحات میں ملتوی کر دیا گیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ امریکا اور ایران کے درمیان ملتوی ہونے والے مذاکرات کی نئی تاریخ یا مقام کا تاحال تعین نہیں کیا گیا، جبکہ اسرائیل کی لبنان میں کارروائی کو حالیہ ہفتوں کی بدترین بمباری قرار دیا جا رہا ہے۔

دوسری جانب سوئس وزارت خارجہ نے بھی تصدیق کی ہے کہ برجنسٹاک میں امریکا اور ایران کے درمیان طے شدہ مذاکرات اب نہیں ہوں گے۔ وزارت خارجہ کے بیان کے مطابق امریکی نائب صدر جے ڈی وینس کی سوئٹزر لینڈ روانگی مؤخر ہونے کے بعد یہ فیصلہ سامنے آیا۔

سوئس وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ سوئٹزر لینڈ آئندہ بھی مذاکرات کی میزبانی اور سہولت کاری کیلئے تیار ہے اور برجنسٹاک میں متعلقہ انتظامات برقرار رکھے گئے ہیں، تاہم مذاکرات کی نئی تاریخ کے بارے میں فی الحال کوئی معلومات فراہم نہیں کی گئیں۔