اسلام آباد:منی لانڈرنگ و ہنڈی مافیا کیخلاف بھرپور کریک ڈاؤن کا فیصلہ

اسلام آباد (نامہ نگار) وفاقی حکومت نے منی لانڈرنگ اور حوالہ ہنڈی مافیا کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن کا فیصلہ کر لیا ہے۔وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی اور وفاقی وزیرخزانہ محمد اورنگزیب کی زیر صدارت خصوصی اجلاس منعقد ہوا۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ غیر قانونی ذرائع سے بیرون ممالک رقوم بھجوانے والے کاروباری افراد اور اداروں کے خلاف شکنجہ سخت کیا جائے گا، اور منی لانڈرنگ و ہنڈی کے کاروبار میں ملوث بڑے افراد اور اداروں کے ساتھ کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی۔

اجلاس میں مزید فیصلہ کیا گیا کہ رقوم صرف بینکنگ اور دیگر قانونی چینلز کے ذریعے بیرون ممالک بھیجی جا سکیں گی، اور منی چینجز کے ذریعے رقوم کی ترسیل کے عمل کو اسٹریم لائن کیا جائے گا تاکہ یہ مکمل شفاف اور فول پروف ہو۔

یہ بھی طے پایا کہ غیر قانونی ذرائع سے بیرون ممالک رقوم بھیجنے کے تمام چینلز پر ہر سطح پر حوصلہ شکنی کی جائے گی اور بڑے منی لانڈرز پر سخت کارروائی کی جائیگی۔وزیر داخلہ اور وزیر خزانہ نے واضح کیا کہ حوالہ اور ہنڈی کا کاروبار کسی بھی صورت میں برداشت نہیں کیا جائے گا۔

اجلاس میں اسٹیٹ بینک پاکستان اور ایف آئی اے کا جوائنٹ ورکنگ گروپ تشکیل دینے کا بھی فیصلہ کیا گیا، جو تمام متعلقہ امور پر پیشرفت کا باقاعدہ جائزہ لے گا۔گورنر اسٹیٹ بینک نے بینکنگ چینلز کے ذریعے رقوم کی ترسیل کے نظام کے بارے میں اجلاس کو بریفنگ دی۔ اجلاس میں ڈی جی ایف آئی اے، گورنر اسٹیٹ بینک اور وفاقی سیکریٹری خزانہ نے بھی شرکت کی۔