اسلام آباد:موٹرویز اور قومی شاہراہوں پر سابقہ حدِ رفتار بحال

اسلام آباد(نامہ نگار)موٹروے پولیس نے ملک بھر کی موٹرویز اور قومی شاہراہوں پر عارضی طور پر کم کی گئی حدِ رفتار کو دوبارہ بحال کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ترجمان کے مطابق موٹرویز پر کاروں کیلئےحدِ رفتار دوبارہ 120 کلومیٹر فی گھنٹہ مقرر کر دی گئی ہے جبکہ بھاری گاڑیوں اور مسافر بسوں کیلئے یہ حد 110 کلومیٹر فی گھنٹہ بحال کی گئی ہے۔

ترجمان نے بتایا کہ قومی شاہراہوں پر بھی مختلف اقسام کی گاڑیوں کیلئےسابقہ رفتار کی حدیں دوبارہ نافذ کر دی گئی ہیں۔موٹروے پولیس کے مطابق رفتار میں عارضی کمی بعض مخصوص حالات اور حفاظتی خدشات کے پیش نظر کی گئی تھی، تاہم صورتحال معمول پر آنے کے بعد پرانی حدود بحال کر دی گئی ہیں۔حکام نے ڈرائیورز کو ہدایت کی ہے کہ وہ مقررہ رفتار کی پابندی کریں اور دورانِ سفر ٹریفک قوانین پر سختی سے عمل یقینی بنائیں تاکہ حادثات اور جانی نقصان سے بچا جا سکے۔