اسلام آباد:وزیراعظم اشارہ کریں تو وزارت چھوڑ دوں گا: چوہدری سالک حسین

اسلام آباد (نامہ نگار) وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین نے کہا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف معمولی سا اشارہ بھی کریں تو وہ وزارت سے استعفیٰ دے دیں گے، تاہم جن جماعتوں کے ساتھ اتحاد کرکے حکومت بنائی گئی تھی، ان کی جانب سے بھی اشارہ ملنے پر وزارت چھوڑنے کے لیے تیار ہیں۔

نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے چوہدری سالک حسین نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے اس بیان پر ردعمل دیا جس میں انہوں نے کہا تھا کہ اگر کسی وزیر کے خلاف کرپشن کے شواہد ہیں تو وہ وزارت چھوڑ کر گھر کیوں نہیں چلا جاتا۔

چوہدری سالک حسین نے جواب میں کہا کہ اگر پنجاب میں اتنی کرپشن ہے تو وزیراعلیٰ خود بھی وزارت اعلیٰ چھوڑ دیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت سازی کے وقت اتحادی جماعتوں کے لیے وزارتوں کی تقسیم کا فارمولا طے کیا گیا تھا اور اس وقت مریم نواز مذاکرات میں موجود نہیں تھیں۔

انہوں نے بتایا کہ ان کی وزارت اور گجرات میں ترقیاتی ٹھیکوں کی پانچ روز تک جانچ پڑتال کی گئی، لیکن آخر میں صرف ان کی سیکیورٹی پر مامور پولیس اہلکار واپس لینے کا فیصلہ سامنے آیا۔

وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی جانب سے بھیجے گئے قانونی نوٹس کا جواب تیار ہے اور وہ چند روز میں اپنا جواب جمع کرا دیں گے۔چوہدری سالک حسین اور مریم نواز کے درمیان یہ تنازع پنجاب میں مبینہ کرپشن سے متعلق بیانات کے بعد سامنے آیا ہے۔