کیوبک سٹی (خبر ایجنسیاں) کینیڈا کے صوبے کیوبک میں یومِ یادگاری کی تقریب میں فضائی مظاہرے کے لیے آنے والا چھوٹا طیارہ گر کر تباہ ہوگیا، حادثے میں پائلٹ ہلاک ہوگیا۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق حادثہ بدھ کی صبح سینٹ جارجز ڈی بووس کے علاقے میں پیش آیا، جو کیوبک سٹی سے تقریباً 100 کلومیٹر جنوب میں واقع ہے۔ طیارے میں پائلٹ کے علاوہ کوئی دوسرا شخص سوار نہیں تھا۔
مقامی پولیس کے مطابق طیارہ صبح تقریباً 11 بجے گر کر تباہ ہوا، ابتدائی طور پر پائلٹ شدید زخمی ہوا تھا تاہم بعد ازاں اس کی ہلاکت کی تصدیق کردی گئی۔
مقامی میئر کے مطابق یومِ یادگاری کی تقریب کے دوران 6 طیارے فضائی مظاہرے میں شریک تھے اور لاپتا ساتھی کی یاد میں مخصوص فضائی فارمیشن بنا رہے تھے کہ اسی دوران ایک طیارہ حادثے کا شکار ہوگیا۔کینیڈا کے ادارہ برائے تحقیقاتِ فضائی تحفظ نے حادثے کی وجوہات جاننے کیلئےتحقیقاتی ٹیم جائے وقوع پر روانہ کردی ہے۔

