اڈیالہ جیل میں بانی پی ٹی آئی سے بیرسٹر سلمان صفدر اور لطیف کھوسہ کی ملاقات

راولپنڈی (نامہ نگار) اڈیالہ جیل میں پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان سے بیرسٹر سلمان صفدر اور سردار لطیف کھوسہ نے ملاقات کی۔ یہ ملاقات اسلام آباد ہائیکورٹ کے حکم پر ہوئی، جس میں وکلا نے بانی پی ٹی آئی سے قانونی مقدمات کے حوالے سے ہدایات حاصل کیں۔

بیرسٹر سلمان صفدر نے جیل میں داخلے سے قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ ملاقات صرف مقدمات سے متعلق ہوگی اور کوئی سیاسی گفتگو نہیں کی جائے گی۔

اسلام آباد ہائیکورٹ نے 190 ملین پاؤنڈ کیس میں عمران خان اور بشریٰ بی بی کی اپیلوں کی سماعت کے دوران دونوں وکلا کو اپنے موکلین سے ملاقات کی اجازت دینے کی ہدایت کی تھی۔ عدالت نے وکلا کو ملاقات کے لیے ایک، ایک گھنٹے کا وقت دینے کا حکم دیا تھا۔