پاکستان میں بیوروکریسی نے احتساب کے نام پر خوف کا وہ دور دیکھا ہے جسے شاید آسانی سے بھلایا نہیں جا سکتا،یہ وہ وقت تھا جب نیب کا نام ہی کسی افسر یا سرکاری عہدیدار کے لیے کافی تھا کہ اس کی راتوں کی نیند اڑ جائے، تحقیقات بعد میں ، گرفتاری پہلے ہوجاتی ،نتیجہ کیا نکلا؟ملک میں فیصلے رک گئے،سرکاری فائلیں ٹھپ ہو گئیں،افسر دستخط کرنے سے خوفزدہ اور بیوروکریسی کا ایک بڑا حصہ اس فلسفے پر چل پڑا کہ کوئی فیصلہ کرنے سے بہتر ہے فیصلہ ہی نہ کیا جائے،یہی وہ بیماری تھی جس نے پاکستان کی انتظامی مشینری اور نظام کو اندر سے کھوکھلا کر دیا ،موجودہ وفاقی وزیر احد چیمہ ہوں یا سابق وزیر اعظم کے پرنسپل سیکرٹری فواد حسن فواد، ان کے خلاف طویل تحقیقات، گرفتاریوں اور برسوں پر محیط قانونی عمل کے بعد نتیجہ بے گناہی کی صورت نکلا ،مگر تاثر پیدا ہوا کہ احتساب کا عمل بعض اوقات کرپشن کے خاتمے سے زیادہ خوف پیدا کرنے کا ذریعہ بن گیا ہے اور جب خوف ریاستی نظام پر غالب آ جائے تو کرپشن ختم نہیں ہوتی، فیصلہ سازی ختم ہو جاتی ہے،خدا خدا کر کے پاکستان ایک ایسے مرحلے پر پہنچا جہاں یہ بات سمجھ میں آئی کہ احتساب اور انتقام، قانون اور ہراسمنٹ، تحقیق اور تذلیل کے درمیان فرق ہونا چاہیے، نیب کے اختیارات، طریقہ کار اور گرفتاریوں کے حوالے سے شدید بحث ہوئی، قانونی تبدیلیاں آئیں اور کم از کم یہ احساس پیدا ہوا کہ کسی شخص کو محض الزام کی بنیاد پر عوامی طور پر مجرم بنا دینا انصاف نہیں۔
پنجاب میں اب ہم دوبارہ اسی راستے پر چل پڑے ہیں؟فرق صرف اتنا ہے کہ اس مرتبہ نام نیب کا نہیں اینٹی کرپشن کا ہے، کرپشن کیخلاف کارروائی کون نہیں چاہتا؟ ہر شہری چاہتا ہے کہ رشوت لینے والا پکڑا جائے، قومی خزانے کو نقصان پہنچانے والے کا احتساب ہو، زمینوں پر قبضہ کرنے والا سزا پائے، جعلی بل بنانے والے، سرکاری فنڈز کھانے والے اور اپنے اختیارات کو ذاتی دولت بنانے کے لیے استعمال کرنے والے قانون کے شکنجے میں آئیں، لیکن سوال یہ ہے کہ کیا کرپشن کے خاتمے کے لیے ریاست کو یہ اختیار دے دیا جائے کہ وہ جسے چاہے اٹھا لے، جسے چاہے سرِعام رسوا کرے، جس کے خلاف چاہے کاروائی شروع کر دے اور بعد میں اگر معاملہ غلط ثابت ہو تو اس کی عزت، کیریئر اور زندگی کا نقصان کون پورا کرے گا؟یہ سوال پنجاب کی حکومت کو سنجیدگی سے سوچنا ہوگا۔ حالیہ دنوں میں بعض کارروائیوں اور سرکاری افسروں کے خلاف اختیار کیے گئے طریقہ کار نے انتظامی حلقوں میں تشویش پیدا کر دی ہے، خانیوال کی سابق خاتون ڈپٹی کمشنر ، ملیحہ رشید کے حوالے سے سامنے آنے والے واقعہ نے بیوروکریسی میں ایک واضح پیغام پہنچایا ہے کہ کام کرنے والے افسر کا کوئی محافظ نہیں، ایسے افسروں کے خلاف کوئی غلط شکایت بھی کاروائی بنا دی جائے ، وضاحت دینے کا موقع بعد میں ملے اور سزا کا ماحول پہلے پیدا کر دیا جائے تو پھر کون افسر کام کرے گا؟یہاں ایک بنیادی بات سمجھنے کی ضرورت ہے،بیوروکریسی فرشتوں کا ادارہ نہیں،اس میں کرپٹ اور نااہل لوگ بھی ہیں ،لیکن یہ بھی حقیقت ہے کہ یہی بیوروکریسی حکومت کے ہر منصوبے کو زمین پر نافذ کرتی ہے، وزیراعلیٰ منصوبے کا اعلان کر سکتی ہیں، کابینہ منظوری دے سکتی ہے، سیاسی قیادت پالیسی بنا سکتی ہے، مگر سڑک کون بنائے گا؟ ہسپتال کون چلائے گا؟ سکولوں کا نظام کون سنبھالے گا؟ ترقیاتی منصوبوں کے ٹینڈر، فنڈز، زمین، تعمیرات، انتظامی منظوری اور روزانہ کی نگرانی کون کرے گا؟جواب ہے، وہی سرکاری انتظامی مشینری جسے آج خوفزدہ کیا جا رہا ہے،پنجاب میں اس وقت سیکڑوں منصوبے چل رہے ہیں، حکومت بڑے بڑے ترقیاتی پروگراموں، انفراسٹرکچر، صحت، تعلیم، شہری سہولتوں اور مختلف اصلاحاتی منصوبوں کے دعوے کر رہی ہے، لیکن ایک خوفزدہ افسر سب سے خطرناک افسر ہوتا ہے، وہ غلط کام نہیں کرے گا مگر درست کام کرنے سے بھی ڈرے گا،وہ فائل پر فیصلہ نہیں کرے گا بلکہ فائل کو دس محکموں میں گھمائے گا،وہ ہر معاملے میں قانونی رائے مانگے گا،ہر منظوری کے لیے کمیٹی بنے گی،ہر کمیٹی مزید وضاحت مانگے گی اور یوں پنجاب کا پہلے ہی سست دفتری نظام مزید سست ہو جائے گا۔
یہی وہ مقام ہے جہاں وزیراعلیٰ پنجاب کو اپنے گرد موجود لوگوں سے ایک بنیادی سوال پوچھنا چاہیے، کیا آپ کرپشن ختم کر رہے ہیں یا انتظامیہ کو کام کرنے سے روک رہے ہیں؟دونوں میں زمین آسمان کا فرق ہے،کرپشن کے خلاف کارروائی ضرور ہونی چاہیے، مگر کارروائی قانون کے مطابق ہونی چاہیے،انکوائری ہونی چاہیے، مگر عزت اچھالنے کی قیمت پر نہیں،گرفتاری ہونی چاہیے، مگر صرف اس وقت جب واقعی قانونی ضرورت ہو،اختیارات ہونے چاہئیں، مگر ان اختیارات پر نگرانی بھی ہونی چاہیے،کسی افسر کے خلاف شکایت آئے تو اس کی تحقیقات ہوں، اسے جواب دینے کا موقع ملے، ثبوت جمع کیے جائیں، قانونی مراحل مکمل ہوں، مگر یہ کیا طریقہ ہے کہ پہلے ایک انسان کو مجرم بنا دیا جائے اور پھر اس سے کہا جائے کہ اب ثابت کرو کہ تم بے گناہ ہو؟یہ انصاف نہیں، یہ خوف کی حکمرانی ہے اور پاکستان کو خوف کی حکمرانی کا تلخ تجربہ پہلے بھی ہو چکا ہے۔
پنجاب کے چیف سیکرٹری زاہد زمان کا کردار یہاں انتہائی اہم ہو جاتا ہے، چیف سیکرٹری صرف وزیراعلیٰ کے احکامات آگے منتقل کرنے والا افسر نہیں ہوتا، اس کی سب سے بڑی ذمہ داری سیاسی قیادت کو انتظامی حقائق سے آگاہ کرنا بھی ہوتی ہے،اگر انتظامی مشینری خوفزدہ ہے تو وزیراعلیٰ کو بتایا جانا چاہیے،اگر فیلڈ افسر دستخط کرنے سے گھبرا رہے ہیں تو وزیراعلیٰ کو آگاہ ہونا چاہیے،اگر اینٹی کرپشن کی کارروائیوں کے طریقہ کار پر سرکاری افسران میں تشویش ہے تو وزیراعلیٰ کو اعتماد میں لیا جانا چاہیے،اور اگر کسی کارروائی سے پوری بیوروکریسی میں یہ تاثر پیدا ہو رہا ہے کہ کوئی بھی افسر کسی بھی وقت ہدف بن سکتا ہے تو یہ تاثر دور کرنا چیف سیکرٹری اور وزیر اعلیٰ دونوں کی ذمہ داری ہے۔
پنجاب حکومت کو فوری طور پر اینٹی کرپشن کے طریقہ کار کا جائزہ لینا چاہیے، واضح قواعد ہونے چاہئیں کہ کس سطح کے الزام پر انکوائری ہوگی، کب گرفتاری کی ضرورت پیش آئے گی، کس مرحلے پر کسی سرکاری افسر کو گرفتار کیا جا سکتا ہے، کس طرح اس کی عزت اور قانونی حقوق کا تحفظ ہوگا اور اگر کسی افسر کے خلاف کارروائی بے بنیاد ثابت ہو جائے تو ادارے کی ذمہ داری کیا ہوگی؟کیونکہ کسی بے گناہ شخص کو پکڑ کر بعد میں چھوڑ دینا انصاف نہیں،اس کے خاندان کا کیا ہوگا؟اس کی عزت کا کیا ہوگا؟اس کے کیریئر کا کیا ہوگا؟اس کے بچوں اور والدین پر کیا گزرے گی؟اور سب سے بڑھ کر، دوسرے ہزاروں افسروں کے ذہن میں جو خوف بیٹھ جائے گا، اس کا ذمہ دار کون ہوگا؟
وزیراعلیٰ پنجاب کو یہ سمجھنا ہوگا کہ ایک مضبوط حکومت وہ نہیں ہوتی جو ہر روز کسی کو گرفتار کر کے اپنی طاقت دکھائے،اچھی حکومت وہ ہوتی ہے جو ایسا نظام بنائے جہاں کرپٹ شخص سزا سے نہ بچ سکے، لیکن بے گناہ شخص ریاست سے خوفزدہ بھی نہ ہو،کرپٹ افسر کو پکڑنا ضروری ہے، مگر ایماندار اور کام کرنے والے افسر کو خوفزدہ کرنا نظام کے ساتھ ظلم ہے۔

