آج کل پھر نئے صوبوں کے قیام کی بازگشت زوروں پر ہے۔ کہا جا رہا ہے کہ صوبوں کی تعداد چار سے بڑھا کر بارہ کی جا رہی ہے، اور اس پر قانون سازی سے قبل ریفرنڈم کروایا جائے گا، جس کے بعد پارلیمنٹ میں آئین کی 28ویں ترمیم کی “منہ دکھائی” کی رسم ہوگی۔ نئے صوبوں کے قیام میں سب سے بڑی رکاوٹ پیپلز پارٹی ہے، جو کسی طور پر بھی سندھ کو تقسیم نہیں ہونے دینا چاہتی۔ اس کے لیے انہوں نے حفظِ ماتقدم کے طور پر سندھ اسمبلی سے قرار داد بھی منظور کروا رکھی ہے۔
دوسری طرف، مسلم لیگ (ن) بادلِ ناخواستہ نئے صوبوں کے قیام کی حمایت کر رہی ہے، جبکہ تحریکِ انصاف کے منشور میں تو نئے صوبوں کا قیام باقاعدہ شامل ہے۔ یہ پہلا موقع ہے کہ مقتدرہ اور تحریکِ انصاف صوبوں کے قیام کے معاملے پر ایک پیج پر ہیں۔ پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) کی کوشش ہے کہ اس ایشو کو کسی نہ کسی طرح اگلی حکومت پر چھوڑ دیا جائے، لیکن اب لگتا ہے کہ فیصلے کا وقت قریب آچکا ہے اور جلد 28ویں ترمیم کا ڈول ڈالا جائے گا۔ کون کس کا ساتھ دیتا ہے، یہ تو وقت ہی بتائے گا، بہرحال ایک نئی سیاسی الائنمنٹ ہونے جا رہی ہے۔
ویسے تو اگلے سیاسی سیٹ اپ کا خاکہ بھی تیار ہو چکا ہے، لیکن اس سے قبل نئے صوبوں کے قیام اور بلدیاتی انتخابات کے مرحلے سے گزرنا ہو گا۔ اگلے دورِ حکومت کے لیے جو نیا سیاسی مکسچر تیار کیا جا رہا ہے، اس میں نئے صوبے اور بلدیاتی ادارے ایک اہم کردار ادا کریں گے۔ نیا سیاسی سیٹ اپ کیا ہوگا؟ اس کی ابتدائی معلومات تو ہم تک پہنچ چکی ہیں اور ہم نے خواجہ آصف کے اشارے سے بہت پہلے ایک ٹی وی پروگرام میں اس بارے میں بتا دیا تھا، جس کا ذکر آئندہ کسی کالم میں تفصیلی طور پر کیا جائے گا۔ فی الحال نئے صوبوں کے معاملے پر بات کرتے ہیں۔
نئے صوبوں کے بارے میں میرا نکتہِ نظر بالکل مختلف ہے۔ میری ذاتی رائے ہے کہ صوبائی حکومتوں کو سرے سے ہی ختم کر دینا چاہیے؛ یہاں تک کہ کوئی ایک صوبہ بھی باقی نہیں رہنا چاہیے۔ ملک میں خالصتاً ایک مضبوط وفاقی نظامِ حکومت ہونا چاہیے، جس میں ایک مرکزی حکومت ہو اور نیچے ضلعی حکومتیں (District Governments) فعال ہوں۔ ہر ضلع میں ایک ڈسٹرکٹ چیف اور ڈسٹرکٹ گورنر ہو، اور تمام تر فیصلے مقامی سطح پر ہی کیے جائیں۔ برطانیہ میں اسی طرز کا نظامِ حکومت کامیابی کے ساتھ چل رہا ہے، جہاں اوپر وفاقی حکومت ہے اور نیچے مقامی سطح پر “بارو سسٹم” (Borough System) نافذ ہے۔
اگر صوبوں کی تعداد بڑھا بھی دی جائے، تو ہمارے اراکینِ اسمبلی کسی صورت اختیارات کو نچلی سطح پر منتقل نہیں ہونے دیں گے۔ وہ اپنے آپ کو گلی محلے تک بااختیار رکھنا چاہتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ ہر جمہوری دور میں بلدیاتی اداروں کا وجود سسک سسک کر دم توڑ دیتا ہے۔ آج بھی صوبائی حکومتوں کا یہی رویہ ہے کہ “یا اللہ! بلدیاتی انتخابات نہ ہی کروانے پڑیں”، اور وہ ہر وقت لیت و لعل سے کام لے کر بلدیاتی اداروں کا وجود قبول کرنے سے کتراتی ہیں۔ اس کے علاوہ، علاقائی تعصبات سے نجات حاصل کرنے کے لیے بھی یہ ناگزیر ہے کہ صوبے ختم کر کے ضلعی حکومتیں قائم کی جائیں۔ مقامی ترقی کا واحد اور حقیقی حل یہی ہے۔
ہمارا موجودہ انتخابی نظام بھی انتہائی بوسیدہ ہو چکا ہے۔ سیاستدانوں نے اپنے اپنے حلقوں میں اپنی ذاتی اجارہ داری قائم کر رکھی ہے۔ ہر کوئی مقامی سطح پر ہتھکنڈے استعمال کر کے اپنا الو سیدھا کرتا ہے، اور قومی سوچ کو ابھرنے ہی نہیں دیا جاتا۔ رنگ برنگے امیدوار دھونس، دھاندلی، زور زبردستی اور خاندانی اجارہ داری کے بل بوتے پر ووٹ لے کر ایوانوں میں پہنچنے والے اراکینِ اسمبلی سیاسی جماعتوں اور حکومتوں کو ہمیشہ بلیک میل کرتے ہیں۔
اس فرسودہ نظام کی جگہ اگر “متناسب نمائندگی” (Proportional Representation) کا طریقہِ انتخاب اپنا لیا جائے، تو ان مقامی اجارہ دار اراکینِ اسمبلی سے جان چھوٹ جائے گی اور چھوٹی جماعتوں کو بھی ایوانوں میں مناسب نمائندگی مل سکے گی۔ وفاقی سطح پر الیکشن مہم چلائی جائے، سیاسی جماعتیں اپنا واضح منشور پیش کریں، عوام اسی پر ووٹ دیں، اور پھر جس جماعت کو جتنے قومی ووٹ ملیں، اسے اسی تناسب سے ایوان میں نشستیں الاٹ کر دی جائیں۔ اس سے موجودہ نظامِ حکومت کی وہ تمام خرافات ختم ہو جائیں گی جہاں ہر جماعت اپنے اپنے صوبے کی اجارہ دار بنی بیٹھی ہے۔
یہی نہیں، ٹیکسوں کا موجودہ دوہرا اور تہرا نظام بھی ختم ہو جائے گا؛ صرف ایک وفاقی ٹیکس ہو اور مقامی سطح پر ضلعی حکومتیں اپنے ٹیکسوں سے اپنا نظامِ چلائیں۔ بلاشبہ یہ معاملہ اتنا آسان نہیں ہے، لیکن یہ ایک تلخ حقیقت ہے کہ ہمارا موجودہ نظام مکمل طور پر ناکام ہو چکا ہے۔ اس بوسیدہ سسٹم کے تحت حکومتیں کسی صورت ڈیلیور نہیں کر پائیں گی۔ اس لیے، جتنی جلدی ممکن ہو سکے، ہمیں اس ناکارہ نظام سے جان چھڑا کر عوام کے حقیقی اعتماد پر مبنی نظامِ حکومت وضع کرنا چاہیے۔
آج جب نظام کی تبدیلی کی باتیں کی جا رہی ہیں اور نئے صوبوں کا تجربہ کرنے کا سوچا جا رہا ہے، تو یہ کہیں بہتر ہے کہ ایک ہی دفعہ صوبوں کو ختم کر کے موثر ضلعی نظامِ حکومت کو اپنا لیا جائے۔ اس سے نہ صرف وفاق مضبوط ہوگا بلکہ علاقائی تعصبات کا خاتمہ بھی ہو گا اور پوری قوم ایک مضبوط وحدت میں پروئی جائے گی۔

