پنجاب پولیس نے چوہدری سالک حسین سے ایلیٹ فورس کی سیکیورٹی واپس لے لی

لاہور (نمائندہ خصوصی) وفاقی وزیر برائے سمندر پار پاکستانیوں چوہدری سالک حسین نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت نے ان کی سیکیورٹی واپس لے لی، ایلیٹ فورس کے اہلکار گزشتہ ڈیڑھ سال سے ان کے ساتھ تعینات تھے۔

چوہدری سالک حسین نے بتایا کہ ایلیٹ فورس کے اہلکاروں کو واپس بلا لیا گیا ہے۔ ان کی تعیناتی گزشتہ برس سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر کی گئی تھی۔

دوسری جانب پنجاب پولیس کے ذرائع کا کہنا ہے کہ وفاقی وزرا کو پنجاب کی حدود میں ضرورت کے مطابق سیکیورٹی فراہم کی جائے گی، تاہم صوبے کی حدود سے باہر ایلیٹ فورس کے اہلکار ان کے ساتھ تعینات نہیں ہوں گے۔

چوہدری سالک حسین سے اس حوالے سے سوال کیا گیا کہ آیا ان کی سیکیورٹی واپس لینے کا تعلق پنجاب میں کرپشن سے متعلق ان کے بیانات سے ہے؟ اس سے قبل انہوں نے واضح کیا تھا کہ انہوں نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا نام لے کر کوئی الزام عائد نہیں کیا۔

واضح رہے کہ چوہدری سالک حسین نے پنجاب میں مبینہ کرپشن سے متعلق اپنے بیانات واپس لینے سے انکار کیا ہے، جبکہ وزیراعلیٰ مریم نواز نے ان کیخلاف 5 ارب روپے ہرجانے کا قانونی نوٹس بھجوایا ہے۔